( غیــر مطبـوعـہ )
مجھے کیا کرنا چاہیئے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تمھارے بعد
مجھے کیا سوچنا چاہیئے
ان دنوں کو
جب سڑکوں پر گھومتے ہوئے ۔میرے گانے پر
تم ماچس بجایا کرتے تھے
یا جب میرے سوال کو تم
ہنسی میں اڑاتے ہوئے کہ دیتے
" تم ابھی below 40 " ہو
یا پھر
ان گھروں کو نکل جانا چاہئیے
ایک آخری نظر ڈالنے کو
جن کی مٹی میرے اندر اڑتی ہے
یا خاک کی ڈھیریوں کے جوار میں
جہاں اپنے وجود کے
مزید بے معنی ہونے کا
یقین مل سکے ؟
کیا مجھے کوئ نوحہ لکھنا چاہئیے
کہ تمھاری وضع داریوں پر
پڑنے والی ضربوں کی طرح
میری محبت کا خواب بھی
ٹوٹ چکا ؟
موت کی جانب
ہماری پیش قدمی
محض چار قدم کے فرق سے
مسلسل جاری رہی ہے
تو کیا میں یہ فاصلہ
بھاگ کر ختم کر دوں؟
سمجھ نہیں آتی
میں یہاں رکنا چاہتا ہوں
اور نہیں چاہتا ایک آدھ
رہ جانے والا کام
کیے بغیر ہی بھاگ نکلوں ؟
میں تمھاری طرح ہارنا بھی نہیں چاہتا
حال آں کہ
یہ ایسی جنگ بھی نہیں
جس میں۔۔ میرے پاس
کوئ ہتھیار موجود ہو
سوائے دنیا سے
شدید کمینی محبت کے۔۔۔
ہزیمت کے دنوں کے بعد
ہم دو ہارے جواریوں کی طرح
بے زبان ہو گئے
فون کے دوسرے کنارے پر
خاموشی ہے
مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہی
اسے پٹخ دوں
یا کان سے لگائے رکھوں۔۔
( اَبرار احمـــد )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔