( غیــر مطبــوعـہ )
تم نے جس سے حال کہا ہے کمرے کا
اُس دالان سے رشتہ کیا ہے؟ کمرے کا
دروازے کی چیخ نہیں سن سکتے تم
اس نے بھی تو درد سنا ہے کمرے کا
تم مالِک ہو ‘ تم کچھ بھی کہہ سکتے ہو
ہم نے تو "دل” نام رکھا ہے کمرے کا !
کاغذ, قلم ,کتابیں ۔۔۔ سب موجود ہیں لیکن
تم بِن حال اُجڑا اُجڑا ہے کمرے کا
دیواروں میں پُھوٹیں پڑنے والی تھیں
کھڑکی کھولی۔ ۔ حَبــس گھٹا ہے کمرے کا
اور تو کچھ نہیں بدلا اُس کے جانے سے
صِرف کلینڈر بدل رہا ہے کمرے کا
( شــمـامـہ اُفــقؔ )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔