( غیــر مطبــوعــہ )
ہیں عجب حادثے یہاں دن رات
یہ زمیں ، اور آسماں ، دن ، رات
کیسی بے داغ تھی وہ صبحِ ازل
پھر بنائے گئے جہاں دن رات
رقص کرتے ہیں دائروں میں قید
یہ مکیں اور یہ مکاں دن ، رات
پھر ملیں گے ابد کی اس جانب
آج اور کل کے درمیاں دن رات
واں تو پل بھر میں دم نکلتا تھا
دل دھڑکتا رہا یہاں دن رات
آسماں سے اترتے ہیں اب بھی
کچھ یقیں اور کچھ گماں دن رات
ھم فقط سانس ہی تو لیتے تھے
اور سلگتا تھا شہرِ جاں دن رات
نارسائی کا دشتِ پُر آشوب
کون پھرتا تھا بے اماں دن رات
آسماں جل بجھا ستاروں سے
اٹھ رہا ہے مگر دھواؑں دن رات
( عــابد رضـــا )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔