( غیــر مطبــوعــہ ) گلی کے کیمرے سے ہو گیا ہے دَ…
( غیــر مطبــوعــہ )
گلی کے کیمرے سے ہو گیا ہے دَر خاموش
یہیں کہیں نظر آتے تھے بیش تر خاموش
اُسے نکال دیا دل سے اَور اُس کے بعد
چراغ جیسے کوئی جِن نکال کر خاموش
یہ لوگ اپنے گریبان پھاڑ لیں گے کبھی
جو اتنے شور میں رہتے ہیں اؐس قدَر خاموش
یہی جگہ ہے’ جہاں بولنا سکھاتے ہیں
یہی جگہ ہے’ جہاں بیٹھتا ہے ہر خاموش
نہ جانے کون سی اُفتاد آنے والی ہے
وہ بولتا ہوا لگتا ہے مختصر خاموش
میں عشق چھوڑ کے ہر لفظ بول سکتا تھا
کِیا گیا تھا مجھے تین حرف بھر خاموش
خدا کا نام ہی لینا پڑا یہاں بھی مجھے
یہ لوگ بھی ہوئے بس ایک لفظ پر خاموش
ہمارے بعد کسی کو نہ دُکھ دیا اُس نے
جہاز ڈوبنے کی دیر تھی ۔۔۔ بھنور خاموش
زباں درازی کا نقصان یہ ہے میں’ اجمــلؔ !
طویل عرصہ رہوں گا اِدھر اُدھر خاموش
( اجمــل فــریـد )