پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیــر مطبــوعــہ ) کسی سحَر کا کسی شام کا نہیں …

( غیــر مطبــوعــہ )

کسی سحَر کا کسی شام کا نہیں رہتا
جو تیرا ہو وہ کسی کام کا نہیں رہتا

ہوا کے ساتھ بھٹکتا ہے تیرے کوچے میں
کسی گھڑی بھی وہ آرام کا نہیں رہتا

طلسمِ اِسم کہ آغوشِ دل میں کھُلتا ہے
سرِ زباں تو کسی دام کا نہیں رہتا

ترے ہی ہاتھ سے دل پھڑپھڑانا جانتا ہے
ترے بغیر کسی دام کا نہیں رہتا

اور اب یہ خواب کسی آنکھ میں نہیں مبہوت
اور اب یہ نشّہ کسی جام کا نہیں رہتا

ٹھہَر گیا ہے مرے دل پہ سانس لینے کو
وگرنہ ماہ کسی بام کا نہیں رہتا

جو پچھلی رات چھتوں پر گھٹا برستی ہے
وہ اپنے گھر کے در و بام کا نہیں رہتا

نہ جانے کیسی قیامت گذر گئی سر سے
جھکا ہی رہتا ہے’ ہنگام کا نہیں رہتا

علاحدہ کہیں غنّائیت سے رہتا ہے چُور
قدم اُٹھاتا ہے اور گام کا نہیں رہتا

یہ اور بات کہ آلام اُس کے رہتے ہیں
یہ اور بات وہ آلام کا نہیں رہتا

کلام کیا ہُوا کل شام ؟ کون جانتا ہے
وہ اپنے آپ میں کل شام کا نہیں رہتا

شبِ فراق ! تجھے ایک بار پھر کہہ دوں
یہاں پہ کوئی مرے نام کا نہیں رہتا

تلاش کرتا ہے پیغام دینے والے کو
وہ آج کل کسی پیغام کا نہیں رہتا

زمانے کو سمجھ آتی نہیں ہے جینے کی
ستم کا ہو گیا اکرام کا نہیں رہتا

مَیں صبح و شام اُسی کے خیال میں ہُوں نوید
مجھے خیال صبح و شام کا نہیں رہتا

( افضــال نویــدؔ )