( غیــر مطبــوعــہ )
ملاقات
زمیں پھیلی ہوئی ہے آسماں تک
اور افق کی انتہاؤں میں چُھپے رستے
یقیناً تیری جانب لے کے جاتے ہیں
خداے لم یزل !
کیا پھر بھی
میری رُوح کو
اِس قید خانے سے
نکلنا ہے؟
بدن کو چھوڑ کر؟
تجھ سے مَیں مل پاؤں
مجھے افسوس ہے
کہ پچھلی سردی میں
تُو خود ہی ملنے آیا تھا !
تو میں نے “ماف کر بابا ! ” کہا تھا
اور حقارت سے
کِواڑوں کو مقفّل کر لیا تھا۔۔۔
اے مِرے مالک !
مجھے اک اور موقع دے !!
تو اب کی بار جس بھی بھیس میں آئے
تجھے پہچان لُوں گا مَیں
( ســہیـلؔ احمـــد )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔