( غیــر مطبــوعــہ )
سفر کو ہو گئے تیّار ، کیا ارادہ ہے؟
عدم کی راہ ہے دشوار، کیا ارادہ ہے ؟
حصارِ جاں کے برابر ہےلامکاں کی فصیل
عبور کیجیے دیوار ، کیا ارادہ ہے ؟
سکوتِ بےخبَــری ہے کہ آگہی کا ہے شور
میں کیا بتاؤں تمھیں یار ، کیا ارادہ ہے ؟
ہمیں اٹھایا ہے پاتال میں گرانے کو
فریبِ ذات کے پندار ! کیا ارادہ ہے ؟
عروسِ شب تجھے دھمّال ڈالنا تھی یہاں
ہیں اب تو صبح کے آثار، کیا ارادہ ہے ؟
یہ زندگی کی مشقّت ، قضا کی مزدوری
کرو گے تم بھی یہ بیگار ! کیا ارادہ ہے ؟
بہشت میں تو فقط مومنین جائیں گے
چلیں بہشت کے اُس پار ، کیا ارادہ ہے ؟
صراطِ جاں پہ عجب حادثوں کی وَحشت ہے
نہ سَر رہے گا ‘ نہ دستار ، کیا ارادہ ہے ؟
اٹھاؤ حشر کہ اب دوستانِ اھلِ صفا
ہم آگئے ہیں سرِ دار ، کیا ارادہ ہے ؟
نکالنا تھا تخیّــل کے دشت میں دریا
پڑے ہو صبح سے بے کار ، کیا ارادہ ہے ؟
( عـــابــدؔ رضـــا )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔