( غیــر مطبــوعــہ )
رہِ جنوں پہ ابھی تو قدم رکھا نہیں ہے !
یہ راستہ مجھے کہتا ہے : راستہ نہیں ہے
مَیں کائنات کے بارے میں کیا بتاؤُں تمہیں
مجھے تو ٹھیک سے اپنا بھی کچھ پتا نہیں ہے
گیا ہُوا ہوں کسی اور آسمان پہ مَیں
زمیں تو کیا ‘ مِرا خود سے بھی رابطہ نہیں ہے
مَیں اِس جہاں کو الگ سے ‘ نئے خیال کے ساتھ
بنا رہا ہوں ‘ مگر مجھ سے بن رہا نہیں ہے
وہ اور ہو گا کوئی ۔۔ جس سے تم مِلے ہو گے
میاں ! یہ عشق ہے ‘ اِس جیسا دوسرا نہیں ہے
عجیب شہر ہے ‘ باتوں سے جگمگاتا ہُوا
مگر کسی سے کسی کا مکالمہ نہیں ہے
تمام رات دعاؤں میں ہاتھ اُٹھتے رہے
مگر جو معجزہ ہونا تھا ‘ وہ ہُوا نہیں ہے
بچھڑ تو جاؤُں مَیں اُس سے ۔۔ تمہارے کہنے پر
قَســم خدا کی ۔۔ بچھڑنے کا حوصلہ نہیں ہے
( طــارِقؔ نعیـــم )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔