( غیــر مطبــوعــہ )
خون ِ وفا کہ رنگ ِ حِــنا اُس کے ساتھ ہے
میرا ہر ایک نقش ِ نوا اُس کے ساتھ ہے
اے عشق ! زندہ باد ۔۔۔ ترے کَشف سے کُھلا
جو دَر پَے ء فنا ہے’ بقا اُس کے ساتھ ہے
ڈرتا ہوں ‘ رازِ خلوتِ جاناں نہ فاش ہو
ساری ہی بزم میرے سِوا’ اُس کے ساتھ ہے
پایا ۔۔۔۔ یہ بُوے یار کی دریافت کا صلہ
میں حَبـس میں ہوں اَور ہَوا اُس کے ساتھ ہے
کیسا حَسین ہے مِری تنہائی کا سبب
جو جو بھی مجھ کو چھوڑ گیا’ اُس کے ساتھ ہے
حُسن وجمال ‘ دولت و شہرت’ ادا و ناز
سچ کہہ رہا تھا وہ کہ خدا اُس کے ساتھ ہے
اے کاش ۔۔۔ میرے بعد بھی عــاصِـــمؔ ! وہ خوش رہے
اب تک تو میرا حرف ِ دعا اُس کے ساتھ ہے
( لیــاقت عـلــی عــاصِــمؔ )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔