( غیــر مطبــوعــہ )
جھاڑیاں رَیت سے مکر رہی ہیں
اچْھا اچّھا تو آپ ادھر رہی ہیں
تم یہاں خامشی سے بیٹھے ہو
باہر آوازیں قتل کر رہی ہیں
میں چراغوں کی بات کر رہا ہوں
اور سانسیں ہوا سے بھر رہی ہیں
لوگ چنگاری نام رکھ دیں گے
آپ جتنا ہوا سے ڈر رہی ہیں
ایسی ترتیب سے لگے ہیں بلب
جیسے پریاں یہاں اتر رہی ہیں
راستوں کا بھی آپ پر حق ہے
میرے اندر سے کیوں گزر رہی ہیں؟
منظروں کی خوشی بتاتی ہے
اُس کی آنکھیں کدھر کدھر رہی ہیں
شیر بُھوکا نہیں رہا ‘ مُــژدُم !
بکریاں آج گھاس چَــر رہی ہیں
( مُــژدُمؔ خــان )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔