( غیــر مطبــوعــہ )
جانبِ شہرِ ابد رغبت کا دروازہ کُھلا
جسم سے باہر مگر ہیبت کا دروازہ کُھلا
آنکھ سے ہو کر کہاں تک راستے جا پائیں گے
تُو ابھی آیا نہ تھا حیرت کا دروازہ کُھلا
اب تو اتنی بارشیں یک جا ہُوئیں’ پوچھو نہیں
تھا کوئی اَن جانے میں مُدّت کا دروازہ کُھلا
مَیں نے پاے اُستواری دُور تک جانے دِیا
ایک لمحہ بھی اگر وَحشت کا دروازہ کُھلا
بند آنکھوں سے مَیں سَر کے گوشوں میں پھرتا رہا
پھر اچانک دیدہٗ حسرت کا دروازہ کُھلا
مَیں تو منزل پا گیا تھا پاے خوش نُودی میں پھر
روشنی کے درمیاں ظلمت کا دروازہ کُھلا
کان دھرنے کے سِوا آہٹ پہ کیا کیا بار ہے
کب ہُوئی دستک مِری قسمت کا دروازہ کُھلا
ایک تنہائی میں پُورا آ نہیں سکتا تھا مَیں
وَحدتِ موجود میں کثرت کا دروازہ کُھلا
ہاتھ میں کس نے یہاں تقدیسِ صبح و شام لِی
کس کی مرضی سے یہاں غارت کا دروازہ کُھلا
اِتنی ناہم وار دُنیا میں جگہ پاتا کہاں
پھر یکا یک یوں ہُوا’ ہمّت کا دروازہ کُھلا
ایسا لگتا ہے کہ ہو جاؤُں گا داخل دیکھ کر
ہر کسی کی آنکھ میں وحدت کا دروازہ کُھلا
وہ تو کہیے ہاتھ میرے آ گیا پَل کا سِرا
رِہ گیا اندر مِرے عَجلت کا دروازہ کُھلا
جھومنے میں آتما عرشِ معلّیٰ چُھو گئی
منہ سے لگتے ہی سبُو عشرت کا دروازہ کُھلا
دیکھتے ہی دیکھتے کیا جانے کب اُونگھ آ گئی
اور مجھ پر لمحہ بھر ساعت کا دروازہ کُھلا
تھام کر بیٹھا ہُوا تھا اپنے ہی رستے کو مَیں
جب مَیں رُخصت ہو گیا ‘ شہرت کا دروازہ کُھلا
اپنے ہر خلیے سے صبح و شام کی خطّاطی کی
کُوچہٗ تصویر میں صورت کا دروازہ کُھلا
چار سُو دُنیا حدِ جلوت پہ آ کر رہ گئی
رہ گیا تیری طرف خلوت کا دروازہ کُھلا
تُو نویــدؔ ! اِتنے دنوں کے بعد کیسے مِل گیا
سُر لگایا تُو نے اور سنگت کا دروازہ کُھلا
( افضــــال نـویـــدؔ )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔