پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیــر مطبــوعــہ ) تری گلی میں جو ہم صبح و شام …

( غیــر مطبــوعــہ )

تری گلی میں جو ہم صبح و شام بھول گئے
نہ جانے کون تھے ہم ‘ کیا تھا ؟؟ نام بھول گئے

درخت ہم پہ نچھاور تھے اور ہواے خمار
لبوں سے لگتے ہی کھلتا تھا جام بھول گئے

اور اب خلا سی کوئی بازگشت گونجتی ہے
وہ کون تھا ؟ جو رہا ہم کلام بھول گئے

نشے میں باغ تھا اور ہر چراغِ خواب کے ساتھ !
مہَک رہا تھا لبِ لالہ فام بھول گئے

نہ جانے کون سی چھت پر تھے ریشمی ملبوس
صداے چشم لگائی تو بام بھول گئے

ہم اُس کو دیکھتے رہنے میں ہو گئے مصروف
اور ایسا کرنے میں کرنا سلام بھول گئے

ہماری یاد اُسے آئی اور لمحہ کوئی
دلا رہا تھا ہمیں یاد ۔۔۔ نام بھول گئے

پلٹ گئے پہ جو ہم پر کُھلا نہ دروازہ
کہاں پہ چھوڑی تھی ہم نے زمام ‘ بھول گئے

تمھارے خواب تو اب تک ہماری آنکھ میں ہیں
کہاں پہ شب کا ہُوا اختتام بھول گئے

انڈیل لیتے ہیں جوں توں صراحیٗ بادہ
جو تیرے ہونے سے تھا اہتمام ‘ بھول گئے

مزہ تضاد نے کچھ اور ہی دیا ہم کو
تلازمے میں گھرے التزام ‘ بھول گئے

محیط ہو گئے ہم اپنے اپنے گوشے میں
جو ہم نے خَلق کِیا تھا نظام ‘ بھول گئے

مَیں اپنے آپ کو باہَر سے دیکھنے لگا تھا
اِسی لیے مجھے اندر کے کام بھول گئے

نفیِ عہدِ گذشتہ کو بار بار نویدؔ !
تمام یاد رکھا اور تمام بھول گئے !

( افضـــال نویـــدؔ )