پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیــر مطبــوعــہ ) بے ثمر موسِموں میں جنمی ہوں …

( غیــر مطبــوعــہ )

بے ثمر موسِموں میں جنمی ہوں
زرد پتّوں کا دکھ سمَجھتی ہوں

رفتہ گاں بھید اوڑھ لیتے ہیں
اپنے ابّا کی قبر ڈھونڈتی ہوں

میرا بچپن بچھڑ گیا مجھ سے
اک سہیلی سے روٹھ بیٹھی ہوں

خامشی کی گپھاؤں میں اکثر
اپنی آواز سن کے سہمی ہوں

گھر کی دیوار میں ہی رہتا ہے
ایک سائے سے ڈرتی رہتی ہوں

مجھ کو بارش عزیز ہے لیکن
کھڑکیاں بند کر کے روتی ہوں

خواب کی اور خیال کی دنیا
جا چکوں کے قریب رہتی ہوں

وہ جو اک بے وفا کی خاطر تھے
اب انہی آنسوؤں پہ ہنستی ہوں

آپ ہی اپنی ماں رہی ہوں’ سَــحَــرؔ !
ماں ہی جیسی دکھائی دیتی ہوں

( شـــہناز پــرویــن سَــــحَــرؔ )