( غیــر مطبــوعــہ )
برگ و بار و ثمر گئے دل کے
سارے موسِـم گذر گئے دل کے
وہ جو پہلے زمانے ہوتے تھے
وہ زمانے کِدھر گئے دل کے
فکر ِ دُنیا ‘ نہ خوف ِ رُسوائی
تم مِلے اور ڈَر گئے دل کے
اِیک دیوار کیا گِری کل شَب
دَب کے سب خواب مر گئے دل کے
یاد کرنا تک اُس کو چھوڑ دیا
اور پھر زَخم بَھر گئے دل کے
اِس قدر ٹوٹ کر کِیا گِـریہ
بوجھ سارے اُتر گئے دل کے
جانے کس سَمت میں اُڑان بھری
بال و پَر سب بکھر گئے دل کے
جوں ہی موج ِ ہَواے ہِجر چلی
سارے ریشے بِکھر گئے دل کے
اِک ذرا رنج تک سہا نہ گیا
حوصلے اب کِدھر گئے دل کے
کیوں نہیں مِل سکا وہ مجھ کو ‘ حیاؔ !
نالے کیوں بے اثر گئے دل کے
( حَـیـــاؔ حَـیــات )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔