پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیــر مطبــوعــہ ) اُکھڑتی سانس فقط مَوت سے جُـ…

( غیــر مطبــوعــہ )

اُکھڑتی سانس فقط مَوت سے جُــڑی ہوئی ہے
کہ زندگی مِری عادت تھی، اب چُھڑی ہوئی ہے

میں سب کو خواب میں بھی جاگتا دکھائی دیا
یہاں تو خواب میں بھی میری نیند اُڑی ہوئی ہے

کوئی پرانی سی تصویر ہے یہ دنیا بھی
کہیں سے صاف، کہیں سے مُڑی تُڑی ہوئی ہے

میں وقفے وقفے سے خاموش ہوتا جاتا ہوں
یہ خامشی مری آواز سے جُــڑی ہوئی ہے

سو ‘ مجھ سے بچ کے نکلنا محال ہے تیرا
تری گلی مِرے دل کی طرف مُـڑی ہوئی ہے

( احمــــد شــہریارؔ )