( غیــر مطبــوعــہ )
اس گردِ وقت سے وراؑ ‘ تقویم سے اُدھر
کتنے خیال رہ گئے’ تجسیم سے اُدھر
کچھ بھی نہیں ہے’ ایک گلی کی سوا کہیں
کچھ بھی نہیں ہے’ عشق کی اقلیم سے اُدھر
لپٹا ہوا ہے ریشمی پردوں میں آسماں
عریاں ہر ایک خواب ہے’ تحریم سے اُدھر
اک درد کا جہان ہے’ اک داستان ہے
اک کربلا ہے ‘ سجدہء تسلیم سے اُدھر
بس اک نظر میں سمٹی ہوئی کائنات ہے
رَمزوں کا اک جہان ہے ‘ تعلیم سے اُدھر
بے سَمت و نا مراد سے رستے ہر اک طرف
ویرانیاں، اُداسیاں ۔۔۔۔ تقسیم سے اُدھر
ہر ایک ہے خدائی کا دعویٰ لئے ہوئے
کتنے ہی بت ہیں دینِ براہیم سے اُدھر
صدیوں سے کُھل نہیں سکے اَسرارِ کائنات
معنی کا اک جہان ہے’ تفہیم سے اُدھر
جو مِیرؔ کہہ گئے ہیں ۔۔۔ ســند جانیے’ شــناسؔ !
اُن کا ہر ایک شعر ہے’ ترمیم سے اُدھر
( فہیـــمؔ شــناس کاظــمـی)

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔