پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیر مطبوعہ ) پھر مجھ سے چُھپے کس لیے افزائشِ دن…

( غیر مطبوعہ )

پھر مجھ سے چُھپے کس لیے افزائشِ دنیا
ہاتھوں میں ہوئی ہے مِرے پیدائشِ دنیا

درویش کی عادات میں اک یہ بھی ہے شامل
پوری نہیں کرتا کبھی فرمائشِ دنیا

کوشش تو بہت کی ترے دستور نے لیکن
نکلی نہیں دل میں مِرے گنجائشِ دنیا

بھرتا ہے وہ شبنم سے گلابوں کے کٹورے
کرتا ہے وہ رنگوں سے جب آرائشِ دنیا

دو ہاتھ زیادہ ہے زمیں اصل سے اپنی
لگتا ہے غلط کی گئی پیمائشِ دنیا

سانسیں رُکی جاتی ہیں تعفّن سے خدارا
پھینک آؤ کہیں دور یہ آلائشِ دنیا

ہم اس کے اشاروں کو سمجھتے نہیں کیوں کر
کرتا ہے وہ ہر موڑ پہ فہمائشِ دنیا

میں جب سے تخیُّل میں سفر کرنے لگا ہوں
کم پڑنے لگی ہے مجھے گنجائشِ دنیا

اُن ولیوں میں شامل ہے مِرا نام بھی آزرؔ!
وہ جن کو میسّر نہیں آسائشِ دنیا

( دلاورعلی آزرؔ )

— with Dilawar Ali Aazar.