( غیر مطبوعہ )
سلام اُن ( ﷺ ) پر
جبینِ عَصرِ رَواں پہ انگُشتِ نُور سے جب
وہ سطرِ روشن لکھی گئی تھی
حروفِ تاباں بصیر آنکھوں نے چُن لیے تھے
لبِ فلک سے وہ لفظ پیارے ' وہ نور پارے اُتر رہے تھے
سماعتِ نیک خُو میں تارے سمٹ رہے تھے
وہ بابِ روشن کُھلا ہوا تھا جہاں مسلّط مبارزت کے اُصولِ زرّیں
ورَق ورَق پر چمک رہے تھے
وہاں زن و طِفل و ناتُواں پِیر کو اماں تھی
درِ مقفّل کا ذکر کیا ہو ، نیام شمشیر کو اماں تھی
کہا : ثمر دار پیڑ ، فصلیں، شجر سلامت کھڑے رہیں گے
نہ کوئی خیمہ ' نہ گھر جلے گا
عَدو کے معبد کھڑے رہیں گے
سلام اُن ( ﷺ ) پر ' وہ کہہ رہے تھے
تو گوشِ امن و اماں میں تارے اُتر رہے تھے
وہ نطقِ رحمت کے ضابطے تھے
یہ کس قیامت کے ضابطے ہیں
کہ طِفل و پِیر و جواں کو یک ساں لہو کے پیکر میں ڈھالتے ہیں
یہ کون ہے جو گلُوے آدم پہ داغ ہاے رسَن سجائے
جب ارضِ لشکر کو لَوٹتا ہے
تو حاکمِ وقت اُس کے ہاتھوں کو چُومتا ہے
وہ کون تھے جو حروفِ رحمت سے لفظِ یلغار بُن رہے تھے
سلام اُن ( ﷺ ) پر' وہ کہہ رہے تھے
تو ارض و افلاک سُن رہے تھے
( شہزادؔ نیّر )
— with Shahzad Nayyar.

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔