پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیر مطبوعہ ) دل تک آنے والی جتنی راہیں ہیں ان…

( غیر مطبوعہ )

دل تک آنے والی جتنی راہیں ہیں
ان پر پھیلی دور تلک، دو بانہیں ہیں

برگد کب رکھتا ہے دل میں بغض و عناد
سب پر سایہ کرتی ہیں یہ شاخیں ہیں

دل کو باز نہیں رکھ سکتے رونے سے
دامن تھام ہی لیتی ہیں، جو یادیں ہیں

دن تو ہنستے ہنستے کٹ ہی جاتا ہے
روتے روتے کٹتی ساری راتیں ہیں

دل کا بوجھ یقینا کم ہو جائے گا
چلتے چلتے رک جائیں گی، سانسیں ہیں

پھر کیسا ڈر منزل کے کھو جانے کا
میرے ساتھ سفر میں تیری، آنکھیں ہیں

کائنات کی ڈوریں ہاتھ میں ہیں میرے
لمحوں کی زنبیل میں صبحیں، شامیں ہیں

جیسے مجھ کو دیکھ رہی ہوں اندر سے
دروازے پر روزن ہیں یا، آنکھیں ہیں

آج تلک میں خود بھی بوجھ نہیں پائی
میری کتنی پرتیں' کتنی ذاتیں ہیں

( شـائسـتہ سَـحَـر ؔ )

— with Shaista Sehar.