( غیر مطبوعہ )
جو کاغذوں پہ بہت آب جُو نکالتے ہیں
وپ پتّھروں کے بدن کا لہو نکالتے ہیں
عجیب چار گرِ شہرِ امن ہیں موجود
جو زخم ِ نو بھی بَہ نام ِ رفو نکالتے ہیں
ہمارے شہر میں فرہاد سے بڑے کچھ لوگ
سراب زاروں سے تابِ نمو نکالتے ہیں
وصیّتِ غم ِ ہجراں بَہ نام ِ موسیقی
تمام رات فقط ہاو ہُو نکالتے ہیں
کسی کی شوخ نظر کی کماں کے کُھلتے ہی
ہم اس کے سامنے اپنا گلُو نکالتے ہیں
جو مانگنا ہے تو مانگو ذرا سلیقے سے
ہم اپنی جان تِرے رُو بَہ رُو نکالتے ہیں
ہم ایسے لوگ تو ہوتے ہیں سب کے غم میں شریک
ڈھلے جو شام تو جام و سبو نکالتے ہیں
تمام عمر مَحبت کے گیت گا گا کر
ہم اپنے شہر سے نفرت کی بُو نکالتے ہیں
( سنجے شوقؔ )
— with Sanjay Shauq.

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔