پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیر مطبوعہ ) اے دلِ مضطرب! یاس و امید میں کشمکش…

( غیر مطبوعہ )

اے دلِ مضطرب! یاس و امید میں کشمکش عمر بھر جاری-ساری رہے
اس کو پانے کی دل میں تمنا بھی ہو اس کو پا کے بھی کچھ بے قراری رہے

ایک خواہش بھی رختِ سفر میں لئے اک مسافر سفر پر روانہ ہوا
اک دیا روز روشن ہو دہلیز پر، چشم چوکھٹ پہ اک انتظاری رہے

ذہن و دل کا توازن بھی بگڑے نہیں، عشق کا تجربہ ایسے موصول ہو
وصل میں جسم ہلکا نہ ہو اس قدر، ہجر میں روح اتنی نہ بھاری رہے

دوستو! دوستی کے لیے آج کل وقت ملنا کہاں اتنا آسان ہے
ملنا جلنا نہ ہو کوئی شکوہ نہیں، ہاں مگر تھوڑی سی غم گساری رہے

ہار کا اور کوئی سبب ہی نہیں، راز اپنے سبھی ان کو معلوم تھے
دشمنوں کو نہیں کوئی مشکل ہوئی دوست اپنے سبھی اشتہاری رہے

عشق یہ تو نہیں صبح و شام اُس کو بس ایسے گھیرے رہو جیسے قیدی کوئی
جس کو آنکھوں میں آپنی بسایا بھی ہو اس کی آنکھوں سے ہی پہرےداری رہے

دھوپ میں، چاندنی میں نہانے کا اس کو بہت شوق ہے، جب خبر یہ اُڑی
اس کی کھڑکی پہ شمس و قمر مضطرب بے تحاشا رہے باری باری رہے

اس کی خواہش تھی رشتہ ادھورا جو ہے اس کو چہرے پہ اپنے نہ لانا کبھی
ہم نے ایسی اداکاری کی عمر بھر اس کے کیا اپنے بھی اعتباری رہے

جیتنے کا تسلسل کسی روز تو زعم کا داغ چہرے کو دے جائے گا
اس لئے یہ ضروری بہت ہے ضیاء کوئی شے اندروں ہاری-ہاری رہے

( ضیاؔ ضمیر )

— with Zia Zameer.