( غیر مطبوعہ )
اب یوں اکثر وقت گذاری کرتی ہوں
دل پر تیری یادیں طاری کرتی ہوں
فرش بِچھاتی ہوں اک خواب کی چادر کا
صبح تلک پھر شب بے داری کرتی ہوں
آنکھ سے چُن کر موتی جیسے اشکوں کو
مَیں آنچل پر مینا کاری کرتی ہوں
خود کو تیری یاد کا دُکھ پہنچاتی ہوں
مَیں خود اپنی دل آزاری کرتی ہوں
روز اک نظم مجھے آوازیں دیتی ہے
روز اک نظم سے مَیں غدّاری کرتی ہوں
ہنس کر مِلتی ہوں آئینے سے بھی مَیں
خود سے بھی اب دُنیا داری کرتی ہوں
( نرجِسؔ افروز زیدی )

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔