پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

( غیر مطبوعہ ) آنچل میں نظر آتی ہیں کچھ اور سی آن…

( غیر مطبوعہ )

آنچل میں نظر آتی ہیں کچھ اور سی آنکھیں
چھا جاتی ہیں احساس پہ بلّور سی آنکھیں

رہتی ہے شب و روز میں بارش سی تری یاد
خوابوں میں اُتر جاتی ہیں گھنگھور سی آنکھیں

پیمانے سے پیمانے تلک بادہٗ لعلیں
آغاز سے انجام تلک دَور سی آنکھیں

سنتا ہوں دھمک آنے کی اور جانے کی تیرے
کھل جاتی ہیں خاموشیوں میں شور سی آنکھیں

تبدیلی ترے دیکھتے رہنے سے یہ آئی
بن بیٹھیں تسلسل سے ترے طور سی آنکھیں

لے کر کہاں رہتی رہی موتی سی وہ صورت
لے کر کہاں پھرتا رہا مَیں گَور سی آنکھیں

وقت آنے پہ آئی نہ نظر گردشِ افلاک
بیٹھا رہا لے کر مَیں کسی اور سی آنکھیں

بالفرض نکل جاؤں کسی اندھے سفر پر
باندھے ہوئے رکھتی ہیں مجھے ڈور سی آنکھیں

ہر بار کنارے سے لگا کر چلی جائیں
دھندلاہٹوں میں غمزہٗ فی الفور سی آنکھیں

صورت گریٗ محض قرینہ نہیں کوئی
ہر لحظہ کہیں ناصحِ پُر زور سی آنکھیں

لے جاتی ہیں خاموشی سے سرمایہٗ یکسو
پردے سے لگیں دہر کے چت چور سی آنکھیں

کیا جانے نوید اور ہی کر جائیں اجالا
ٹھہری ہوئیں کاغذ پہ تری کَور سی آنکھیں (

افضال نوید )

— with Afzaal Naveed.