غلام ہمدانی مصحفیؔ
.
گاہ بازو پہ یہ سر، گہ تہِ خنجر دیکھا
راحت و رنج ترے ہاتھوں سے اکثر دیکھا
جو گیا نامے کو لےکر، وہ ہُوا روزیِ سیخ
واں سے پِھرتا نہ کوئی ہم نے کبوتر دیکھا
اِیدھر اُودھر سے جو پِھرتے ہُوئے ہم جا نکلے
کوچۂ یار میں ہنگامۂ محشر دیکھا
قابِلِ سیر نہیں بس کہ جہانِ گزراں
جو گیا یاں سے ، کبھی اُس نے نہ پِھر کر دیکھا
تفرقہ نام سے بھاگے تھا جنھوں کے، اُن کا
کہیں دھڑ، اور کہیں سر، اور کہیں افسر دیکھا
میّت اُس در سے گئی میری تو اُس شوخ نے بھی
کبھی پٹ کھول دِیا اور کبھی چُھپ کر دیکھا
جب تلک خوابِ عدم میں تھے ، نہ تھا مرگ کا ڈر
کھل گئی آنکھ، تو قاتِل ہی کو سر پر دیکھا
مصحفیؔ! کب وہ حیا ناک ہُوا تجھ سے دوچار
جس نے آئینے کے آکر نہ برابر دیکھا
.
غلام ہمدانی مصحفی امروہوی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔