غلام ہمدانی مصحفیؔ
.
غم کے مارے روز شب ناچار میں رہنے لگا
کیا کہوں اِس غم سے تو بیمار میں رہنے لگا
دھیان کس کا بندھ گیا ایسا، جو راتوں کے تئیں!
چشمِ انجم کی طرح بیدار میں رہنے لگا
بدگمانی نے ستایا اِس قدر مجھ کو، کہ آہ
شب کو واں جاکر، پسِ دیوار میں رہنے لگا
ہائے کس کافر کو دیکھا ،شیخِ صنعاں کی طرح
جو گلے ڈالےہُوئے زنّار میں رہنے لگا
جس کی صُورت آنکھ سے اوجھل کبھی ہوتی نہ تھی
اب اُسی کا، تشنۂ دِیدار میں رہنے لگا
کس کا سودا بندھ گیا جو چھوڑ کے گھر اپنا ،آہ!
ہو کے سودائی ،سرِ بازار میں رہنے لگا
دشمنی سے جس کی، نکلا کی ہمیشہ دوستی !
دوستی سے اُس کی اب بیزار میں رہنے لگا
زندگی سے ،کردِیا صُورت نے کس کی مجھ کو سیر
جان دینے پر جو، اب تیار میں رہنے لگا
اے فلک! جائے شکایت ہے کہ ہاتھوں سے ترے
اور سب دارم ہُوئے، نادار میں رہنے لگا
درمیاں میں جب سے دریا اشک کا حائل ہُوا
پار وہ رہنے لگے اور وار میں رہنے لگا
کیونکے تنہائی خوش آئے، ہوگیا کیسا بجوگ
مصحفی ! جو اِن دِنوں بیمار میں رہنے لگا
.
غلام ہمدانی مصحفیؔ امروہوی

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔