پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

غریبِ شہر تو فاقے سے مر گیا عارف امیرِ شہر نے ہیر…

غریبِ شہر تو فاقے سے مر گیا عارف
امیرِ شہر نے ہیرے سے خودکشی کر لی
December 14, 2019

نام عارف شفیق اور تخلص عارف ہے۔۳۱؍ اکتوبر۱۹۵۶ء کو کراچی کے حساس علاقے لالو کھیت(لیاقت آباد) میں آنکھ کھولی۔ یہ شفیق بریلوی کے فرزند ہیں۔ صحافت کے پیشے سے وابستہ تھے۔ ہفت روزہ’’سینٹرل نیوز‘‘ ماہ نامہ ’’وقت ایشین آرٹ‘‘ ماہ نامہ ’’اردو مورچہ‘‘ کے چیف ایڈیٹر رہے۔ ماہ نامہ ’’کرائم اسٹوری‘‘ اور’’ادبی دنیا‘‘ کے بھی چیف ایڈیٹر رہے۔ اس کے علاوہ ’’قومی اخبار‘‘ روزنامہ ’’ایکسپریس‘‘ میں ادبی کالم اور روزنامہ’’جرأت‘‘ اور’’پرچم‘‘ میں سیاسی کالم لکھتے رہے ہیں۔’قومی آواز‘ اور ’پرچم ‘ میں قطعات بھی لکھتے رہے ہیں۔عارف شفیق نے شاعری کے علاوہ افسانے بھی لکھے ہیں۔ راغب مرادآبادی سے تلمذ حاصل ہے۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں:’’اندھی سوچیں گونگے لفظ‘‘، ’’سیپ کے دیپ‘‘، ’’جب زمین پر کوئی دیوار نہ تھی‘‘، ’’احتجاج‘‘، ’’سرپھری ہوا‘‘، ’’میں ہواؤں کا رخ بدل دوں گا‘‘، ’’میرا شہر جل رہا ہے‘‘، ’’یقین‘‘، ’’میری دھرتی میرے لوگ‘‘۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:427

ایک خوُدار انسان اور منفرد لہجے کا ممتاز شاعر عارف شفیق 14 دسمبر 2019 کو بیماری سے جنگ کرتے ہوئے رخصت ہو گیا
..
کتنا ہجوم لوگوں کا دفنانے آ گیا
تنہائیوں کے بوجھ سے فنکار مر گیا
….
عارفؔ حسین دھوکا سہی اپنی زندگی
اس زندگی کے بعد کی حالت بھی ہے فریب
….
مجھے یہ لگتا ھے عارف شفیق میری طرح
کسی کی یاد میں خود کو جلا رھا ھے دیا
…
آگ اور خون کی بستی میں تنہا عارف
چاھت کا پرچم لہرائے پھرتا ھوں
…
ان راستوں سے گزرا ھے حق گو کوئی ضرور
عارف پڑے ھیں راہ کے پتھر لہو میں تر
…
عارف یہ ایمان ھے میرا ساتھ اگر ھو اس کا خدا
پھر تو اس دنیا کو بدل کے رکھ دے فرد واحد بھی
…
فنکار کی نظر ھے جو عارف تمہارے پاس
دل پر لگے ھیں زخم جو گہرے پڑھا کرو