پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عیدِ قربان، ذخیرہ اندوزی کا طوفان اور ہماری نادانی (شبیر درانی) عیدالاضحیٰ قریب …

عیدِ قربان، ذخیرہ اندوزی کا طوفان اور ہماری نادانی
(شبیر درانی)
عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی جہاں ہر گلی محلے میں قربانی کے جانوروں کی چہل پہل نظر آتی ہے، وہی کچن کی ضرورت کی بنیادی سبزیاں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ لیموں، پیاز، ٹماٹر، ادرک، لہسن اور سبز مرچ کے نرخ یکدم دگنے اور تگنے کر دیے جاتے ہیں۔
ہم ہر سال اس مصنوعی مہنگائی پر سر پیٹتے ہیں، حکومت کو کوستے ہیں اور منافع خوروں کو بددعائیں دیتے ہیں۔ لیکن کیا کبھی ہم نے ٹھنڈے دماغ سے سوچا ہے کہ اس خودساختہ مہنگائی کا اصل ماسٹر مائنڈ کون ہے ؟
جواب کڑوا ضرور ہے، مگر سچ یہ ہے کہ اس کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔
ہمارا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ عید آتے ہی ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم ایک عام گھرانے کے لیے سودا خرید رہے ہیں یا کسی بڑے عوامی ہوٹل کے لیے۔
جس گھر میں عام دنوں میں ایک کلو پیاز یا ٹماٹر پورا ہفتہ چلتا ہے، وہاں عید کے نام پر پانچ پانچ اور دس دس کلو سبزیاں لا کر ڈھیر کر دی جاتی ہیں۔
مارکیٹ کا ایک سادہ سا اصول ہے: "جب طلب بڑھتی ہے، تو قیمت بھی بڑھتی ہے”۔ منڈی میں بیٹھے ناجائز منافع خور ہماری اسی نفسیات اور خوف کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ عید کے تین دن دکانیں بند رہنے کے ڈر سے گاہک ہر قیمت پر مال خریدے گا۔ اور خریدنا مجبوری بھی ہے لیکن اپنے گھر کی ڈیمانڈ کے مطابق

یاد رکھیے کہ اس بار عیدالاضحیٰ سخت گرمی میں آ رہی ہے۔ ایسے موسم میں فریج سے باہر رکھی سبزیاں چند گھنٹوں میں مرجھا جاتی ہیں اور فریج کے اندر بھی چند دنوں سے زیادہ اپنی تازگی برقرار نہیں رکھ پاتیں۔
نتیجہ کیا نکلتا ہے؟ جو پیاز، ٹماٹر ، لہسن ، ادرک ، سبز مرچ اور لیموں ہم نے عید کی خوشی میں دگنے داموں خریدے تھے، وہ عید کے دوسرے یا تیسرے دن گل سڑ جاتے ہیں اور ہم انہیں اپنے ہاتھوں سے کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیتے ہیں۔ یہ نہ صرف پیسے کا زیاں ہے بلکہ رزق کی شدید بے حرمتی بھی ہے۔

آئیے اس عیدالاضحیٰ پر ہم اس فرسودہ روش کو بدلیں۔ اگر اس بار ہم عیدالاضحیٰ پر اپنی ضرورت کے مطابق صرف ایک یا دو کلو پیاز، ٹماٹر، لیموں، سبز مرچ اور ادرک خریدیں، تو ہم ان منافع خوروں کی کمر توڑ سکتے ہیں۔ کیونکہ جب منڈی میں خریدار نہیں ہوگا، تو ذخیرہ اندوزوں کا غرور خاک میں مل جائے گا۔ عید کے تین دن بعد یہی سبزیاں ہمارے گھروں کے کچرا دان میں گلنے کے بجائے، ان منافع خوروں کے گوداموں میں سڑیں گی اور وہ اگلی بار عید پر غریب کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے سے پہلے سو بار سوچیں گے۔

(شبیر درانی)



Source