علی سردار جعفری
نظم
۔۔۔۔۔۔
ہماری پیاری زبان اردو
ہماری نغموں کی جان اردو
حسین دل کش جوان اردو
زبان وہ دھل کے جس کو گنگا کے جل سے پاکیزگی ملی ہے
اودھ کی ٹھنڈی ہوا کے جھونکے سے جس کے دل کی کلی کھلی ہے
جو شعر و نغمہ کے خلد زاروں میں آج کوئل سی کوکتی ہے
اسی زباں میں ہمارے بچپن نے ماؤں سے لوریاں سنی ہیں
جوان ہو کر اسی زباں میں کہانیاں عشق نے کہی ہیں
اسی زباں کو چمکتے ہیروں سے علم کی جھولیاں بھری ہیں
اسی زباں سے وطن کے ہونٹوں نے نعرہ انقلاب پایا
اسی سے انگریز حکمرانوں نے خود سری کا جواب پایا
اسی سے میری جواں تمنا نے شاعری کا رباب پایا
یہ اپنے نغمات پر اثر سے دلوں کو بیدار کر چکی ہے
یہ اپنے نعروں کی فوج سے دشمنوں پہ یلغار کر چکی ہے
ستم گروں کی ستم گری پر ہزاریا وار کر چکی ہے
کوئی بتاؤ وہ کون سا موڑ ہے جہاں ہم جھجک گۓ ہیں
وہ کون سی رزم گاہ ہے جس میں اہل اردو دبک گۓ ہیں
وہ ہم نہیں ہیں جو بڑھ کے میداں میں آۓ ہوں اورٹھٹک گۓ
یہ وہ زباں ہے کہ جس نے زنداں کی تریگی میں دیۓ جلاۓ
یہ وہ زباں ہے کہ جس کے شعلوں سے جل گۓ پھانسیوں کے ساۓ
فراز دار و رسن سے بھی ہم نے سرفروشی کے گیت گاۓ
کہا ہے کس نے ہم اپنے پیارے وطن میں بھی بے وطن رہیں گے
زبان چھن جاۓ گی ہمارے دہن سے ہم بے سخن رہیں گے
ہم آج بھی کل کی طرح دل کے ستار پر نغمہ زن رہیں گے
یہ کیسی باد بہار ہے جس میں شاخ اردو نہ پھل سکے گی
وہ کیسا روۓ نگار ہو گا نہ زلف جس پر مچل سکے گی
ہمیں وہ آزادی چاہیۓ جس میں دل کی مینا ابل سکے گی
ہمیں یہ حق ہے ہم اپنی خاک وطن میں اپنا چمن سجائیں
ہماری ہے شاخ گل تو پھر کیوں نہ اس پہ ہم آشیاں بنائیں
ہم اپنے انداز اور اپنی زباں میں اپنے گیت گائیں
کہاں ہو متوالو آؤ بزم وطن میں ہے امتحاں ہمارا
زباں کی زندگی سے وابستہ آج سود و زیاں ہمارا
ہماری اردو رہے گی باقی اگر ہے ہندوستاں ہمارا
چلے ہیں گنگ و جمن کی وادی میں ہم ہواۓ بہار بن کر
ہمالیہ سے اتر رہے ہیں ترانہ آبشار بن کر
رواں ہیں ہندوستاں کی رگ رگ میں خون کی سرخ دھار بن کر
ہماری پیاری زبان اردو
ہماری نغموں کی جان اردو
حسین ، دل کش جوان اردو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔