پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عفریت خوفزدہ مائیں بچوں کو سینے سے لپٹائے تھر تھر کانپ رہی ہیں بستی والے کہتے…

عفریت

خوفزدہ مائیں
بچوں کو سینے سے لپٹائے
تھر تھر کانپ رہی ہیں

بستی والے کہتے ہیں
برسوں سے
اس قریہ میں
اک آدم خور عفریت ہے
جس کے بہت سے چہرے ہیں
اور جس گھر میں بھی
کسی صدا کی سمع جلے
یا کسی دعا کا پھول کھِلے
وہ صبح سے پہلے
سارے گھر کو کھا جاتا ہے
کتنی بار کئی
دل والے
اپنے دکھی سینوں میں غم کے جَگر جَگر انگارے
اور زخمی آنکھوں میں
جگمگ جگمگ تارے لے کر
اس عفریت کی کھوج میں نکلے ہیں
لیکن اگلی شام
اس ٹیڑھی ترچھی پگڈنڈی پر
جو کالے سانپوں
اور پیلے کانٹوں والے
جنگل کو جاتی ہے
اُن کے سر
ان کے بازو
اُن کی آنکھیں
لہولہان
اور الگ الگ اور ٹکڑے ٹکڑے ملی ہیں
اس منظر کی دید سے اب تک
بستی والوں کے
منہ پر
اور آنکھوں پر
خود اُن کے اپنے ہاتھ دھرے ہیں

احمد فراز