عشق الہی کا پیمانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
حشر میں بخشش کا پروانہ، سرکار مری سرکار مدینہ
رنج و الم ہیں جہاں بھی جاؤں ، آقا میں بس گھبرا جاؤں
بنیں مری تسکیں کا بہانہ ،سرکار مری سرکار مدینہ
ایڑیوں سے جب خون نکلتا ، قلب حزیں پہ تیر سا چلتا
بیٹی آپ کی بھولا زمانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
پاک نبی کی سواری آئی ، جگ مگ جگ مگ ساری خدائی
پڑھا ہواؤں نے شکرانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
کیا ہو بیاں سرکار کی مدحت ، میرا نبی آفاق پہ رحمت
اپنا بنے ہر ایک بیگانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
اندر دنیا عشق رسالت ، باہر دنیا آل سے الفت
پیش کروں جاں کا نذرانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
سیدہ کاحسنین کا صدقہ ، میرا بھرم رکھ لیجئے آقا
دنیا کہے مجھ کو دیوانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
مدحتِ آلِ محمد لب پر ، دل میں درود نبی پر رب پر
یہی ہے جنت کا پروانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
علی،نبی،حسنین کی باتیں ، بی بی فاطمہ کی سوغاتیں
یہی نماز مری پنجگانہ ۔ سرکار مری سرکار مدینہ
عشق میں مولا جان سے جاؤں، وقت نزع معراج سناؤں
قبر میں ہو لب پر یہ ترانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
حشر کے روز نسیم کی قسمت ، سامنے ہوں سرکارِ شفاعت
کملی پکارے بے تابانہ ، سرکار مری سرکار مدینہ
ڈاکٹر نگہت نسیم

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔