پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عدیم میں نے تو زخموں کو اب شمار کِیا​ میں یہ سمجھت…

عدیم میں نے تو زخموں کو اب شمار کِیا​
میں یہ سمجھتا رہا، اُس نے ایک وار کِیا​
عدیم دل کو ہر اِک پر نہیں نِثار کِیا​
جو شخص پیار کے قابل تھا، اُس کو پیار کِیا​
پھر اعتبار کِیا، پھر سے اعتبار کِیا​
یہ کام اُس کے لیے ہم نے بار بار کِیا​
کِسی سے کی ہے جو نفرت تو اِنتہا کر دی​
کِسی سے پیار کِیا ہے تو بےشمار کِیا​​​
بہت حسین ہوئیں بےوفائیاں اُس کی​
یہ اُس نے جان کے خُود کو وفا شعار کِیا​
اُتر گیا کوئی دل سے تو قبر میں اُترا​
اُسے سدا کے لیے شاملِ غُبار کِیا​
وہ اب مرے کہ جئے دل پہ کوئی بوجھ نہیں​
میں مطمئن ہوں کہ پہلے اُسی نے وار کِیا​
قصُور اُس کا نہیں ہے، قصُور میرا ہے​
عدیم مَیں نے اُسے پیار بےشمار کیا

عدیم ھاشمی