عجب دستور ہے پنچائیت کا
بہت حیران کُن جِرگے لگے ہیں
کہیں بیٹی ونی کی جارہی ہے
کہیں سچائی پر پہرے لگے ہیں
کہیں مردانگی کے دُھت نشے میں
ہوئی ہے بھائی کے ہاتھوں وہ کاری
کہیں سسرال کی نا قدریوں پر
بہو بن کر جلی قسمت کی ماری
کہیں ماں پر لگائی تہمتوں نے
جگادی ایسی غیرت بالکوں میں
لپیٹی مامتا اُس بے رحم نے
کفن کی برق اجلی چادروں میں
کہیں بیوی کی صورت بے وفائی
کسی الزام میں سنگسار ہے وہ
تحفظ کا نشاں سمجھی تھی جس کو
لہو میں ڈوبی اک تلوار ہے وہ
عجب انصاف ہے میرے خدایا
جنم دے کر بھی عورت اپنے بیٹے
بہت محکوم ہے سہمی ہوئی ہے
پلا کر خون جن کو پالتی ہے
اُن ہی کے ہاتھ وہ رُسوا ہوئی ہے
مری پنچائیت کے مرد سن لے
عدل کے نام پہ ناسور ہے تو
لئے مردانگی کی جھوٹی غیرت
خدا کے قہر پہ معمور ہے تو
خدا نے ہے مجھے انساں بنایا
کھلونا ہوں نہ ہوں دستار تیری
مری آدھی گواہی چھین لے گی
کسی دن قوتِ گفتار تیری
(عشرت معین سیما، برلن جرمنی)
المرسل :-: ابوالحسن علی ندوی
جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔