عبدالرحمان خان وصفی بہرائچی
پیدائش :22 Oct 1914 بہرائچ, اتر پردیش
وفات :13 Apr 1999
بہرائچ, اتر پردیش
عبد الرحمن خاں وصفی بہرائچی ضلع بہرائچ کے ایک مشہور استاد تھے۔ جناب کی پیدائش 22 اکتوبر، 1914 کو شہر کے محلہ میراخیل پورہ بہرائچ میں ہوئی۔
آپ کے والد کا نام حافظ عبد القادر اور والدہ کا نام محترمہ مقبول بیگم تھا۔
آپ کے دادا ضامن علی خا ں انیق بہرائچی میر انیس کے ہم عصر شاعر تھے اور صاحب دیوان شاعر تھے۔
وصفی بہرائچی کا انتقال 13اپریل1999 میں شہر بہرائچ کے محلہ قاضی پورہ میں واقع مکان میں ہوا تھا اور تدفین شہر کے مشہور قبرستان عیدگاہ میں ہوئی۔
۔۔۔۔۔
میں جانتا ہوں کون ہوں میں اور کیا ہوں میں
دنیا سمجھ رہی ہے کہ اک پارسا ہوں میں
اب مجھ میں اور تجھ میں کوئی فاصلہ نہیں
تو میرا مدعا ہے ترا مدعا ہوں میں
واعظ جبین شوق جھکے تو کہاں جھکے
نقش قدم ہی ان کے ابھی ڈھونڈھتا ہوں میں
دل کو تجلیات کا مرکز بنا لیا
اب ان کا نام لینے کے قابل ہوا ہوں میں
ناصح تری نگاہ میں بادہ پرست ہوں
میکش سمجھ رہے ہیں بڑا پارسا ہوں میں
فرصت ملے کشاکش دنیا سے تو کہوں
کس وہم کس گمان میں الجھا ہوا ہوں میں
اہل خرد کی عقل پہنچتی نہیں جہاں
وصفیؔ جنوں میں ایسی جگہ آ گیا ہوں میں
۔۔۔۔۔
یوں اشک برستے ہیں مرے دیدۂ تر سے
جس طرح سے ساون کی گھٹا جھوم کے برسے
ہاں اشک ندامت جو گرے دیدۂ تر سے
وہ دامن عصیاں پہ نظر آئے گہر سے
ماحول تو بدلا ہے مری جہد نے اکثر
ہاں میں نہیں بدلا کبھی ماحول کے ڈر سے
دنیا نہ کہیں مجھ کو نگاہوں سے گرا دے
اب اتنا گرا دو نہ مجھے اپنی نظر سے
دیکھے جو کوئی سادہ مزاجی تو یہ سمجھے
واقف ہی نہیں آپ کسی عیب و ہنر سے
جس راہ میں گزری ہے مرے سر پہ قیامت
سو بار تو گزرا ہوں اسی راہ گزر سے
اس وقت جو گزری ہے نہ پوچھو اسے وصفیؔ
ٹکرائی ہے جب ان کی نظر میری نظر سے
