پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ظہور احمد کی وفات Sep 07, 1981 نام ظہور احمد اور …

ظہور احمد کی وفات
Sep 07, 1981

نام ظہور احمد اور تخلص نظر تھا۔ ۲۲؍ اگست ۱۹۲۳ء کو ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے الیکٹریشن کے فرائض انجام دیے، ٹھیکیداری اورکاشتکاری کی، ہوٹل میں نوکری کی، مرغیاں پالیں اور مزدوری کی۔باقاعدہ تعلیم جاری رکھنا ممکن نہ تھا، مگر انھوں نے اپنے طور پر مطالعہ جاری رکھا۔ہفت روزہ ’’ستلج‘‘ بہاول پور کے مدیر رہے۔انجمن ترقی پسند مصنفین کے سکریٹری بھی رہے۔وی شانتا رام کی فلم’’پڑوسی‘‘ کے مقبول گانے ظہورنظر نے ہی لکھے تھے۔زندگی کے آخری دنوں میں ریڈیو پاکستان ، ملتان اور ریڈیو پاکستان بہاول پور کے لیے ڈرامے لکھے۔ ظہورنظر کی نظموں کا انگریزی ،روسی، چینی ،ڈچ اور اطالوی زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ وہ ۷؍ستمبر ۱۹۸۱ء کو بہاول پور میں انتقال کرگئے۔ ان کی تصانیف کے نام یہ ہیں: ’’بھیگی پلکیں‘، ’ریزہ ریزہ‘، ’زنجیر وفا‘۔
……
منتخب اشعار
……
وہ جسے سارے زمانے نے کہا میرا رقیب
میں نے اس کو ہم سفر جانا کہ تو اس کی بھی تھی
…..
وہ بھی شاید رو پڑے ویران کاغذ دیکھ کر
میں نے اس کو آخری خط میں لکھا کچھ بھی نہیں
……
سنتے ہیں چمکتا ہے وہ چاند اب بھی سر بام
حسرت ہے کہ بس ایک نظر دیکھ لیں ہم بھی
……
پاس ہمارے آکر تم بیگانہ سے کیوں ہو
چاہو تو ہم پھر کچھ دوری پر چھوڑ آئیں تمہیں
…..
گھر سے اس کا بھی نکلنا ہو گیا آخر محال
میری رسوائی سے شہرت کو بہ کو اس کی بھی تھی
……
نہ سو سکا ہوں نہ شب جاگ کر گزاری ہے
عجیب دن ہیں سکوں ہے نہ بے قراری ہے
…….
خود کو پانے کی طلب میں آرزو اس کی بھی تھی
میں جو مل جاتا تو اس میں آبرو اس کی بھی تھی
……
بعد ترک الفت بھی یوں تو ہم جئے لیکن
وقت بے طرح بیتا عمر بے سبب گزری