طَلَعَ الْبَدرُ عَلَیْنَا
مِنْ ثَنِیّا تِ الْودَاعٖ
کی بحر میں اُردو کا کمیاب کلامِ نصیرؔؒ
پیر سیّد نصیر الدّین نصیرؔ گیلانی ؒ
*** غزل ***
دَورِ لالہ زار تک ہے
یہ سماں، بہار تک ہے
گردنوں میں یہ تناؤ
صِرف، اقتدار تک ہے
کس پہ، کس لیے، پڑے کب
یہ خدا کی مار تک ہے
پھانس لے مجھے کہ چھوڑے
حُسنِ دل شکار تک ہے
میری مان لے، نہ مانے
یہ مزاجِ یار تک ہے
اعتبار آدمی کا
اپنے اعتبار تک ہے
وہ خدا کرے نہ آئیں
لُطف، انتظار تک ہے
مَیں کہاں ہُوں دیکھ لو گے
تیرگی، غُبار تک ہے
میل جول آج کل کا
حدِّکاروبار تک ہے
سچ کا ہولناک رستہ
کربلا سے دار تک ہے
ماجرا تو کہہ سناؤں
بات اعتبار تک ہے
اے نصیرؔ! دوڑ اپنی
آستانِ یار تک ہے
پیر سیّد نصیر الدّین نصیرؔ گیلانی
..
بشکریہ محمد حسن اقبال

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔