ضیا محی الدین سے ، اُن کی آواز سے ایک لگاؤ ایک اُلفت سی ھو گئی ھے۔ اُنہوں نے اَدبی تحریروں کی قرأت کے فن کو غیر معمولی بلندیوں اور درجۂ کمال تک پہنچا دیا ھے
اُردو شاعری اور نثری تحریروں کو پڑھنے کے اُن کے انداز کی ایک انفرادی ماھرانہ شان ھے جِسے زبان کے وسیع علم اور آواز کو موقع کی مناسبت سے تبدیل کرنے اور قرأت میں نوشِ آھنگی پیدا کرنے کی صلاحیت نے مزید جِلا بخشی ھے۔
فیض کی شاعری کو اُن سے سننے کا ایک اپنا ھی لطف ھے۔ آئیں اُن سے فیض کی نظم سنیں۔
”یہ ماتمِ وقت کی گھڑی ھے“
ٹھہر گئی آسماں کی ندیا
وہ جا لگی ھے اُفق کنارے
اُداس رنگوں کی چاند نیا
اُتر گئے ساحلِ زمیں پر
سبھی کھویا ، تمام تارے
اُکھڑ گئی سانس پتیوں کی
چلی گئیں اُونگھ میں ھَوائیں
گجر بجا حکمِ خامشی کا
تو چُپ میں گم ھو گئیں صَدائیں
سحر کی گوری کی چھاتیوں سے
ڈھلک گئی تیرگی کی چادر
اور اِس بجائے
بکھر گئے اِس کے تن بدن پر
نِراس تنہائیوں کے سائے
اور اِس کو کچھ بھی خبر نہیں ھے
کسی کو کچھ بھی خبر نہیں ھے
کہ دِن ڈھلے شہر سے نکل کر
کِدھر کو جانے کا رُخ کیا تھا ؟؟
نہ کوئی جادہ ، نہ کوئی منزل
کسی مسافر کو اب دماغ سفر نہیں ھے
یہ وقت زنجیر روز و شب کی
کہیں سے ٹُوٹی ھُوئی کڑی ھے
یہ ماتمِ وقت کی گھڑی ھے
یہ وقت آئے تو بے ارادہ
کبھی کبھی میں بھی دیکھتا ھُوں
اُتار کر ذات کا لبادہ
کہیں سیاھی ملامتوں کی
کہیں پہ گل بُوٹے اُلفتوں کے
کہیں لکیریں ھیں آنسوؤں کی
کہیں پہ خونِ جگر کے دَھبے
یہ چاک ھے پنجۂ عُدو کا
یہ مُہر ھے یارِ مہرباں کی
یہ لعل لب ھائے مہوشاں کے
یہ مرحمّت شیخِ بد زباں کی
یہ جامۂ روز و شب گزیدہ
مجھے یہ پیراھنِ دریدہ
عزیز بھی ، نا پسند بھی ھے
کبھی یہ فرمانِ جوش وحشت
کہ نوچ کر اِس کو پھینک ڈالو
کبھی یہ اِصرارِ حرفِ الفت
کہ چُوم کر پھر گلے لگا لو
”فیض احمّد فیض“
بشکریہ
https://www.facebook.com/Inside.the.coffee.house

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔