پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صبح سویرے اسلام آباد میں ایک غریب مزدور اٹھا۔ اس نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالا — صرف…

صبح سویرے اسلام آباد میں ایک غریب مزدور اٹھا۔ اس نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالا — صرف 200 روپے تھے۔ آٹا مہنگا، گیس غائب، بجلی کا بل ادا نہیں، اور بچے اسکول جانے سے محروم۔ لیکن اس بے بس انسان کے دل میں ایک امید تھی — کہ آج قومی اسمبلی میں اس کے نمائندے بیٹھیں گے، اس کی تکلیف کی بات ہوگی، اس کے دکھ کا کوئی مداوا نکلے گا۔ یہ سوچ کر اس نے اپنا بوجھ اٹھایا اور کام پر نکل گیا — اس یقین کے ساتھ کہ کہیں نہ کہیں کوئی اس کے لیے لڑ رہا ہے۔
لیکن ادھر اسلام آباد کے اس شاندار ایوان میں جو اسی غریب کے ٹیکسوں سے بنا ہے، 6 سے 10 کروڑ روپے پھونک کر ایک اجلاس کی تیاری ہوئی۔ 77 صفحات کا کتابچہ چھپا، 11 نکاتی ایجنڈا تیار کیا گیا، عملہ تعینات ہوا، سیکیورٹی لگائی گئی، مائیک چیک ہوئے اور کیمرے آن ہوئے۔ اسپیکر اپنی کرسی پر براجمان ہوئے اور کارروائی شروع ہونے کا انتظار ہوا۔ پھر گنتی ہوئی — اور صرف خاموشی ملی۔ دوبارہ گنتی ہوئی — اور پھر وہی سناٹا۔ 86 ارکان کے باوجود کورم پورا نہ ہوسکا اور پھر ایک جملے میں پوری قوم کا مذاق اڑا دیا گیا — “اجلاس ختم کیا جاتا ہے۔”
اب سوال یہ ہے کہ وہ لوگ کہاں تھے جنہیں اس غریب مزدور نے اپنا نمائندہ چنا تھا؟ کوئی فائیو اسٹار ہوٹل میں ناشتے کی لذت اٹھا رہا تھا، کوئی اپنی لگژری گاڑی کے ٹھنڈے AC میں مستقبل کے سودے طے کر رہا تھا، کوئی بیرونِ ملک “سرکاری دورے” کے نام پر عیاشی کر رہا تھا، اور کوئی پارٹی کے اندر اقتدار کی کرسیاں گن رہا تھا۔ وہ ہر جگہ تھے — بس اس ایک جگہ نہیں تھے جہاں انہیں ہونا چاہیے تھا، جہاں قوم انہیں دیکھنا چاہتی تھی، جہاں ان کا فرض انہیں بلا رہا تھا۔
یہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا۔ یہ کوئی حادثہ نہیں ہے۔ یہ ایک سوچی سمجھی بے حسی ہے جو دہائیوں سے اس قوم کا خون چوس رہی ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جو الیکشن سے پہلے آپ کے گھر کی دہلیز پر آتے ہیں، آپ کے بچوں کو پیار کرتے ہیں، آپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر وعدے کرتے ہیں — اور جیتتے ہی آپ کو بھول جاتے ہیں جیسے آپ کا وجود کبھی تھا ہی نہیں۔ ووٹ لیا، کرسی پائی، تنخواہ لی — اور اجلاس میں آنے کی زحمت بھی نہ اٹھائی۔
سوچیں ذرا — اگر آپ اپنے دفتر میں اس طرح غائب ہوجائیں، اگر آپ اپنے کام سے یوں منہ موڑ لیں، تو کیا آپ کی نوکری ایک دن بھی باقی رہے گی؟ لیکن یہاں قانون الٹا ہے — جتنا بڑا نمائندہ، اتنی بڑی غیر حاضری، اور اتنی ہی بڑی ڈھٹائی۔ کوئی جواب نہیں، کوئی شرم نہیں، کوئی معافی نہیں — بس کل پھر وہی چہرے، وہی بیانات، وہی جھوٹے وعدے۔
پاکستان کا اصل المیہ یہ نہیں کہ یہاں غریبی ہے، مہنگائی ہے، بے روزگاری ہے — اصل المیہ یہ ہے کہ جو لوگ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے چنے گئے، وہ خود سب سے بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ یہ قوم کا پیسہ تھا جو آج راکھ ہوگیا۔ یہ قوم کا وقت تھا جو آج ضائع ہوگیا۔ یہ قوم کی امید تھی جو آج پھر ٹوٹی۔ اور سب سے بڑا سوال جو آج ہر پاکستانی کو اپنے آپ سے پوچھنا چاہیے وہ یہ ہے — ہم کب تک یہ شرمندگی خریدتے رہیں گے اپنے ہی پیسوں سے؟

💬 شیئر کریں — کیونکہ خاموشی بھی ایک جرم ہے۔

ملک حسیب



Source