پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوق سے ناکامی کی بدولت کوچۂ دل ہی چھوٹ گیا​ ساری اُمیدیں ٹوٹ گئیں، دل بیٹھ گیا، …

شوق سے ناکامی کی بدولت کوچۂ دل ہی چھوٹ گیا​
ساری اُمیدیں ٹوٹ گئیں، دل بیٹھ گیا، جی چھوٹ گیا​

فصلِ گل آئی یا اجل آئی، کیوں درِ زنداں کھلتا ہے​
کیا کوئی وحشی اور آ پہنچا یا کوئی قیدی چھوٹ گیا​

لیجیے کیا دامن کی خبر اور دستِ جنوں کو کیا کہیے​
اپنے ہی ہاتھ سے دل کا دامن مدت گذری چھوٹ گیا​

منزلِ عشق پہ تنہا پہنچے، کوئی تمنا ساتھ نہ تھی​
تھک تھک کر اس راہ میں آخر اک اک ساتھی چھوٹ گیا​
​
اس نے عدو کا سوگ کیا یا اس سے وفا کی آس بندھی​
داغِ تمنّا، رنگِ حنا کی دیکھا دیکھی چھوٹ گیا​

فانیؔ ہم تو جیتے جی وہ میت ہیں بے گور و کفن​
غربت جس کو راس نہ آئی اور وطن بھی چھوٹ گیا​
(فانیؔ بدایونی)​