پیر • 5 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

شافع محشر حبیب کبریا کیا کیا لکھوں ساقیٔ کوثر امام…


شافع محشر حبیب کبریا کیا کیا لکھوں
ساقیٔ کوثر امام الانبیا کیا کیا لکھوں

داد دیں جس پر فرشتے برملا کیا کیا لکھوں
سوچتا ہوں آپ کو بعد از خدا کیا کیا لکھوں

محسن انسانیت ابر سخا کیا کیا لکھوں
وجہ تخلیق جہاں خیرالوریٰ کیا کیا لکھوں

کنکروں کا کلمہ پڑھنا ٹکڑے ہونا چاند کا
ایک سے بڑھ کر ہے اک اک معجزہ کیا کیا لکھوں

پیٹ سے پتھر بندھے ہیں لب پہ ہے شکر خدا
ہو گئی صبر و رضا کی انتہا کیا کیا لکھوں

ابن ماجہ ترمذی مسلم بخاری سب کے سب
دے رہے ہیں ان کی عظمت کا پتہ کیا کیا لکھوں

شان اقدس میں کمی بیشی بھی ماہرؔ جرم ہے
مسئلہ پیش نظر یہ بھی رہا کیا کیا لکھوں

(ماہر سیوہاروی)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی