اتوار • 4 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

شاعر علی مزمل (منور علی خان) کا یومِ وفات August 2…


شاعر علی مزمل (منور علی خان) کا یومِ وفات
August 20, 2018

مرحوم کا آبائی تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ روزنامہ اوصاف کے لیے بھی کام کیا۔ حسنِ بیاں کے نام سے منفرد ادبی پرچہ بھی نکالا۔
مرحوم سال ہا سال سے صاحب فراش تھے۔

علی مزمل مرحوم کی ایک عمدہ غزل پیش ہے۔

درِ شہی سے درِ گدائی پہ آ گیا ہوں
میں نرم بستر سے چارپائی پہ آ گیا ہوں

بدن کی ساری تمازتیں ماند پڑ رہی ہیں
وہ بے بسی ہے کہ پارسائی پہ آ گیا ہوں

نہیں ہے چہرے کا حال پڑھنے کی خُو کسی میں
سکوت توڑا ہے لب کشائی پہ آ گیا ہوں

حصولِ گنجِ عطائے غیبی کے واسطے اب
صفاتِ ربّی کی جَبہ سائی پہ آ گیا ہوں

فتور مجھ میں نہیں ہے کوئی سبب تو ہو گا
دعائیں دیتا ہوا دہائی پہ آ گیا ہوں

علی میں سبزے کو روندنے کی سزا کے باعث
برہنہ سر سے برہنہ پائی پہ آگیا ہوں
….