پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سنہ دو ہزار گیارہ کا سال تھا جب ایک پیارے بھائی نے…

سنہ دو ہزار گیارہ کا سال تھا جب ایک پیارے بھائی نے فیس بُک پر میری آئی ڈی بنا کر مجھے اس کی لَت میں مبتلا کیا تھا، یہاں آنے کے بعد ابتدائی ایام میں ہی لیاقت علی عاصم بھائی سے میری علیک سلیک ہو گئی تھی جو گزرتے دنوں کے ساتھ بے تکلفی میں بدل گئی، انتہائی خوش مزاج، ملنسار، محبت کے درست مفہوم سے آشنا کرانے والے اور مخلص انسان نے ایک بار میرے اصرار پر یہ بتایا کہ انہیں سرطان جیسے مہلک مرض کی تشخیص ہوئی ہے، تو اس دن میں کافی دیر تک سناٹے میں آ گیا تھا اور اپنے کام سے رخصت لی تھی، ادھر وہ مخلص اور محبتی انسان مجھے ڈھارس دے رہا تھا کہ ابوالحسن! تم فکر نہ کرو میرا مرض ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے میں ان شاء الله ٹھیک ہو جاؤں گا لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی، اور ایک دن اچانک میرے بے حد پیارے عاصم بھائی کے سانحۂ ارتحال کی خبر آ گئی، اس دن پہلی بار مجھے اس بات کا ادراک ہوا تھا کہ محبت کبھی بھی اور کسی کے ساتھ بھی ہو سکتی ہے اس کے لیے ملنا ملانا کوئی معنی نہیں رکھتا، عاصم بھائی کو اپنی ناقدری کا بڑا شکوہ رہتا تھا شاید میں بھی ان کا پرستار ہوتے ہوئے بھی صحیح معنوں میں ان کی قدر نہیں کر سکا تھا جس پر ان سے معذرت ہی کی جا سکتی ہے، سو معذرت عاصم بھائی! اللہ آپ کی سئیات کو حسنات میں بدل دے اور آپ کی قبر کو نور سے بھر دے

پھر وہی بے دلی، پھر وہی معذرت
بس بہت ہوچکا ، زندگی معذرت

خود کلامی سے بھی روٹھ جاتی ہے تو
اب نہ بولوں گا اے خامشی معذرت

داد، بے داد میں جی نہیں لگ رہا
دوستو! شکریہ ، شاعری ! معذرت

اب یہ آنسو دوبارہ نہیں آئیں گے
اب نہ ہوگی مری واپسی معذرت

بے خودی میں، خدائی کا دعویٰ کیا
اے خدا!درگزر، اے خودی! معذرت

دھوپ ڈھل بھی چکی،سائے اٹھ بھی چکے
اب مرے یار! کس بات کی معذرت

اک نظر اس نے دیکھا ہے عاصمؔ،چلو
دور ہی سے سہی ، ہوچکی معذرت

(لیاقت علی عاصمؔ)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی