سعید شہیدی
حیدر آباد کے کہنہ مشق شاعر
کیسے سکون پاؤں تجھے دیکھنے کے بعد
اب کیا غزل سناؤں تجھے دیکھنے کے بعد
آواز دے رہی ہے میری زندگی مجھے
جاؤں میں یا نہ جاؤں تجھے دیکھنے کے بعد
کعبہ کا احترام بھی میری نظر میں ہے
سر کس طرف جھکاؤں تجھے دیکھنے کے بعد
تیری نگاہِ مست نے مخمور کردیا
کیا میکدہ کو جاؤں تجھے دیکھنے کے بعد
نظروں میں تابِ دید ہی باقی نہیں رہی
کس سے نظر ملاؤں تجھے دیکھنے کے بعد
……
مجھے ڈر ہے ہنسدتے ہنستے کہیں رو نہ دے زمانہ
جو بدل بدل کے عنواں میں کہوں وہی فسانہ
یہ بہار یہ گھٹائیں یہ شباب کا زمانہ
مجھے اب تو دیجے ناصح نہ صلاحِ مخلصانہ
جو ہو جذب جذبِ کامل جو ہو شوقِ والہانہ
تو ہے بندگی کو لازم نہ جبیں نہ آستانہ
ہے مجھے ملال اس کا کہ بدل گئیں وہ نظریں
مجھے اس کا غم نہیں ہے کہ بدل گیا زمانہ
میں کب آیا جاؤں گا کب مجھے کچھ خبر نہیں ہے
میری ابتدا فسانہ مری انتہا فسانہ
مرا حال دیکھتے ہی کی ہر اک نے مے سے توبہ
مری لغزشوں کے صدقہ میں سنبھل گیا زمانہ
سرِ طور کیوں میں جاؤں بھلا اس کے دیکھنے کو
وہ ہر ایک جا عیاں ہے جو نظر ہو عارفانہ
کبھی ساتھ ساتھ چلنا نہ ہوا نصیب مجھ کو
کبھی بڑہ گیا میں آگے کبھی بڑھ گیا زمانہ
ارے آپ کی تو آنکھوں میں جھلک رہے ہیں آنسو
بس اب آپ سن چکے اور میں سنا چکا فسانہ
مری ہر غزل میں پنہاں مری دل کی دھڑکنیں ہیں
مگر اے سعیدؔ اس کو نہ سمجھ سکا زمانہ
……
پھولوں کی رت ہے ٹھنڈی ہوائیں
اب ان کی مرضی آئیں نہ آئیں
ان کی جفا یا اپنی وفائیں
کیا یاد رکھیں کیا بھول جائیں
پھولوں میں رہ کر پھولوں میں بس کر
کانٹوں سے کیسے دامن بچائیں
اتنا بتادے غم دینے والے
آنسو بہائیں یا مسکرائیں
رودادِ الفت کر لیں مکمل
کچھ تم سناؤ کچھ ہم سنائیں
ساحل بھی اپنا طوفاں بھی اپنا
اب پار اتریں یا ڈوب جائیں
بھولی ہوئ بات اک یاد آئ
لیکن سعیدؔ اب کس کو سنائیں
…
بشکریہ وسیم سیّد

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔