پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سر محشر اگر پرسش ہوئی مجھ سے تو کہہ دوں گا سراپا …

سر محشر اگر پرسش ہوئی مجھ سے تو کہہ دوں گا
سراپا جرم ہوں اشک ندامت لے کے آیا ہوں
…
معروف استاد شاعر نسیمؔ شاہجہانپوری کا یومِ وفات
29؍اگست 2020
نام منشی نسیم محمد خاں اور تخلص نسیمؔ تھا۔ 15؍جنوری 1937ء کو جوناگڑھ (بھارت) میں پیدا ہوئے۔ 29؍اگست 2020ء کو شاہجہانپوری میں حرکت قبل بند ہوجانے سے انتقال کر گئے۔
منتخب کلام
نہ ارماں لے کے آیا ہوں نہ حسرت لے کے آیا ہوں
دل بیتاب میں تیری محبت لے کے آیا ہوں
نگاہوں میں ترے جلووں کی کثرت لے کے آیا ہوں
یہ عالم ہے کہ اک دنیائے حیرت لے کے آیا ہوں
لبوں پر خامشی آنکھوں میں آنسو دل میں بیتابی
میں ان کی بزم عشرت سے قیامت لے کے آیا ہوں
سر محشر اگر پرسش ہوئی مجھ سے تو کہہ دوں گا
سراپا جرم ہوں اشک ندامت لے کے آیا ہوں
مٹا کر ہستئ ناکام کو راہ محبت میں
زمانے کے لیے اک درس عبرت لے کے آیا ہوں
تلاش ساحل مقصد جہاں بے سود ہوتی ہے
میں ان موجوں میں اک پیغام راحت لے کے آیا ہوں
….
تنہائی کے لمحات کا احساس ہوا ہے
جب تاروں بھری رات کا احساس ہوا ہے
کچھ خود بھی ہوں میں عشق میں افسردہ و غمگیں
کچھ تلخئ حالات کا احساس ہوا ہے
کیا دیکھیے ان تیرہ نصیبوں کا ہو انجام
دن میں بھی جنہیں رات کا احساس ہوا ہے
وہ ظلم بھی اب ظلم کی حد تک نہیں کرتے
آخر انہیں کس بات کا احساس ہوا ہے
بازی گہہ عالم میں تو اک کھیل ہے جینا
اس کھیل میں کب مات کا احساس ہوا ہے
رخ پر ترے بکھری ہوئی زلفوں کا یہ عالم
دن کا تو کبھی رات کا احساس ہوا ہے
کچھ خود بھی وہ نادم ہیں نسیمؔ اپنی جفا پر
کچھ میری شکایات کا احساس ہوا ہے
….
حسن مائل بہ ستم ہو تو غزل ہوتی ہے
عشق بادیدۂ نم ہو تو غزل ہوتی ہے
پھول برسائیں کہ وہ ہنس کے گرائیں بجلی
کوئی بھی خاص کرم ہو تو غزل ہوتی ہے
کبھی دنیا ہو کبھی تم کبھی تقدیر خلاف
روز اک تازہ ستم ہو تو غزل ہوتی ہے
دامن ضبط چھٹے چور ہو یا شیشۂ دل
حادثہ کوئی اہم ہو تو غزل ہوتی ہے
شکن گیسوئے دوراں ہی پہ موقوف نہیں
ان کی زلفوں میں بھی خم ہو تو غزل ہوتی ہے
چارہ گر لاکھ کریں کوشش درماں لیکن
درد اس پر بھی نہ کم ہو تو غزل ہوتی ہے
راز تخلیق غزل ہم کو ہے معلوم نسیمؔ
جام ہو مے ہو صنم ہو تو غزل ہوتی ہے
…………….