پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سرور ہے حیات میں نہ رنج سے فراغتیں متاعِ جاں کے ب…

سرور ہے حیات میں نہ رنج سے فراغتیں
متاعِ جاں کے بھیس میں ہوئی نصیب وحشتیں

اِدھر اُدھر کے لوگ تھے اِدھر اُدھر بکھر گئے
نہ دل کسی سے مل سکا نہ مل سکیں طبیعتیں

کئی چراغ بجھ چکے ہیں آندھیوں کے خوف سے
مرے قریب آ رہی ہیں دشت کی شباہتیں

مجھے ازل سے راس ہیں زمانے بھر کی تلخیاں
مجھے وبال جان ہیں ترے جہاں کی راحتیں

اسے قبول ہی نہیں مزاج کے خلاف کچھ
فضول ہیں جواز بھی دلیل یا وضاحتیں

ہمارے دل پہ ثبت ہیں جمود کے مکالمے
ہمیں تو راس ہی نہیں یہ عشق کی قباحتیں

یہ کونسی زمین ہے یہ کونسا مقام ہے
نہ کرب کا وجود ہے نہ درد کی کراہتیں

(ڈاکٹر علی ساحر)

انتخاب :-: ابوالحسن علی ندوی