پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سبک… یہ صرف ایک کردار نہیں، یہ ہمارے معاشرے کے ضمی…

سبک… یہ صرف ایک کردار نہیں، یہ ہمارے معاشرے کے ضمیر پر رکھا ہوا آئینہ ہے۔

ہم ایک ایسے سماج میں جیتے ہیں جہاں بیٹے ماں کے محافظ تو بن جاتے ہیں… مگر اُن کی خوشیوں کے فیصلے کرنے کا حق نہیں دیتے۔
وہ ماں کو عزت دیتے ہیں، سہارا دیتے ہیں… مگر اسے ایک “انسان” ماننے سے انکار کر دیتے ہیں۔

مگر سبک… اس روایت کو توڑتا ہے۔

اس کے جملوں میں جھجک ہے، درد ہے، مگر اس سے بڑھ کر ایک عجیب سی بلوغت ہے۔
وہ جانتا ہے کہ وہ ایک ایسی بات کرنے جا رہا ہے جس کے لیے الفاظ بھی دنیا نے ایجاد نہیں کیے۔

جب وہ کہتا ہے:
“ماں باپ کو ہم inseparable سمجھتے ہیں…”
تو دراصل وہ پوری ایک نسل کی سوچ بیان کرتا ہے۔
اور جب وہ آگے کہتا ہے کہ “زندگی دل کی تقسیم چاہتی ہے…”
تو وہ اس حقیقت کو قبول کرتا ہے جس سے ہم سب بھاگتے ہیں۔

سبک کی سب سے بڑی خوبصورتی یہ ہے کہ وہ اپنی ذات سے اوپر اٹھ گیا ہے۔

وہ یہ نہیں سوچتا کہ لوگ کیا کہیں گے،
وہ یہ نہیں سوچتا کہ “میری ماں کی دوسری شادی” پر معاشرہ کیسے انگلی اٹھائے گا،
وہ صرف یہ سوچتا ہے کہ:

“میری ماں بھی انسان ہے… اور اُس کا بھی حق ہے جینے کا۔”

یہ جملہ…
“میں اُن کے لیے سب کچھ کر سکتا ہوں… مگر لائف پارٹنر کی جگہ نہیں بھر سکتا”
سبک کے کردار کو عام بیٹوں سے الگ کر دیتا ہے۔

یہاں وہ ایک بیٹے سے بڑھ کر ایک سمجھدار انسان بن جاتا ہے۔

اور اصل کمال یہ ہے کہ وہ اپنی ماں کی محبت کو قید نہیں کرتا…
وہ اسے آزاد کرتا ہے۔

ہمارے ہاں اکثر محبت کا مطلب “روک لینا” سمجھا جاتا ہے،
مگر سبک ہمیں سکھاتا ہے کہ اصل محبت “راستہ دینا” ہوتی ہے۔

وہ اپنی ماں کے لیے صرف رشتہ نہیں ڈھونڈ رہا…
وہ اُس کے زخموں کے لیے ایک مرہم ڈھونڈ رہا ہے۔

اور جب وہ کہتا ہے:
“میں اپنی ماں کی کسی خوشی کے راستے میں دیوار نہیں بنوں گا…”
تو وہ دراصل اُس خودغرضی کو دفن کر رہا ہوتا ہے
جو ہم میں سے اکثر لوگ “غیرت” اور “عزت” کے نام پر زندہ رکھتے ہیں۔

سبک کا کردار ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ
کبھی کبھی سب سے بڑی قربانی یہ نہیں ہوتی کہ ہم کسی کے لیے کچھ کر دیں…
بلکہ یہ ہوتی ہے کہ ہم کسی کو جینے کی اجازت دے دیں۔

یہ کردار ہمیں شرمندہ بھی کرتا ہے… اور سکھاتا بھی ہے۔ 🖤