پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ساحر صدیقی: ایک جواں مرگ شاعر خواجہ محمد زکریا ساح…

ساحر صدیقی: ایک جواں مرگ شاعر
خواجہ محمد زکریا
ساحر صدیقی غالباً 1924ء میں پیدا ہوئے۔ ولادت جالندھر شہر میں ہوئی۔ نام غنیمت علی رکھا گیا۔ درویشوں سے عقیدت رکھنے والے ان کے والد وہاں کے ایک مشہور صوفی حضرت ناصر علی کی درس گاہ کے متولی تھے۔ ساحر نے بھی یہ عقیدت ورثے میں پائی۔ ان کی آواز بے حد سریلی تھی۔ نعت پڑھتے تھے تو سننے والوں کو مسحور کر دیتے تھے۔ روکھی سوکھی کھاتے تھے اور پھٹے پرانے کپڑے پہنتے تھے مگر سرکار دو عالمe کی محبت میں کسی کے آگے کبھی ہاتھ نہیں پھیلایا۔ رسمی تعلیم حاصل کرنے کا موقع بھی بہت کم ملا۔ تقسیم کے بعد اپنے والدین کے ہمراہ جھنگ صدر منتقل ہو گئے۔ شعر گوئی کا ذوق فطرت سے ملا تھا، اس پر نہایت پُرسوز آواز ہونے پر سہاگا۔ گزر اوقات کے لیے خیاطی (ٹیلرنگ) کا پیشہ اختیارکر لیا۔ شعر گوئی اور خوش الحانی نے لوگوں کو جلد ہی ان کی جانب متوجہ کیا۔ کئی نوجوان شعراء ان کے شاگرد ہو گئے۔ جھنگ کے معروف شعراء سے نشست رہنے لگی۔ 1955ء میں وہاں ایک آل پاکستان مشاعرہ جگر مراد آبادی کی صدارت میں ہوا۔ ناظمِ مشاعرہ خواجہ محمد شفیع دہلوی تھے جن کی نظامت کو لوگ بہت پسند کرتے تھے۔ ساحر نے غزل پڑھی تو جگر کو ان کا کلام اور ترنم اتنا پسند آیا کہ انھیں اپنے ساتھ لائل پور کے ایک بہت بڑے انڈو پاک مشاعرے میں لے گئے۔ یہ مشاعرہ وہاں کی کاٹن ملز کے زیر اہتمام ہوتا تھا جس میں پاکستان و ہند کے تمام نامی گرامی شعراء شریک ہوتے تھے۔ اس مشاعرے میں لوگوں نے ان کا کلام فرمائش کر کے کئی بار سنا۔ وہاں سے انھیں 1959ء کے انڈوپاک مشاعرے کے لیے دہلی لے جایا گیا جہاں انھیں بہت داد ملی۔ فراق گورکھپوری جیسے اہم شاعر اور نقاد نے ان کے بعض شعروں کی بہت ستائش کی۔ 1956 ء سے 1959ء تک وہ پاکستان کے مشاعروں کا ایک ناگزیر نام بن گئے مگر اگست 1959ء میں مری کے ایک بڑے مشاعرے میں شریک تھے کہ دنیا سے رخصتی کا حکم آگیا۔
ساحر صدیقی کے ہمعصروں میں ساغر صدیقی بھی تھے۔ انھیں زیادہ شہرت ملی۔ ان کا ترنم بھی بہت اچھا تھا اور شاعری بھی پُرتاثیر تھی۔ایک زمانے میں انھیں بہت شہرت ملی مگر وہ اپنی بے اعتدالیوں کے ہاتھوں جلد ہی چلنے پھرنے سے معذور ہو گئے۔ اس کے باوجود ساحر صدیقی کے چند اشعار لوگوں نے ساغر صدیقی کے نام منسوب کر دیے ہیں۔
ساحر صدیقی کی نعتوں کا ایک مجموعہ شائع ہوا ہے مگر غزلیں اور نظمیں وغیرہ یکجا نہیں ہوئیں حالانکہ انھیں جمع کیاجاتا تو ایک ضخیم مجموعہ بن جاتا آخر میں ان کے چند اشعار درج کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ یہ سہلِ ممتنع کلام قارئین کو پسند آئے گا۔
ان سے ملنے کا حوصلہ نہ ہوا
دل سے جو ایک پل جدا نہ ہوا
جانے کیا ہو گئی تھی گویائی
ہم سے اظہار مدعا نہ ہوا
تم کو اپنوں سے بھی شکایت ہے
ہم سے غیروں کا بھی گلہ نہ ہوا
رہنمائوں کے دور میں ساحر
کوئی منزل سے آشنا نہ ہوا
………
حضورِ حسن جب اذنِ کلام ہوتا ہے
تو اہلِ عشق پہ نازک مقام ہوتا ہے
………
یہ تنے تنے سے ابرو، یہ کھنچی کھنچی کمانیں
کہیں ڈگمگا نہ جائیں مرے ضبط کی چٹانیں
………
تجھے کیا خبر کہ کب سے تری راہ تک رہی ہیں
یہ بجھی بجھی نگاہیں یہ سِلی سِلی زبانیں
………
اے دوست ذرا اور قریبِ رگِ جاں ہو
پھر جانے کہاں تک شبِ،ہجراں کا دھواں ہو
اس طالبِ اظہار کی حسرت کو سراہو
جو پرسشِ احوال پہ محرومِ بیاں ہو
میں اس کو ترے نام سے منسوب کروں گا
وہ پھول جسے قربتِ شبنم بھی گراں ہو
میں ایک زمانے سے تمھیں ڈھونڈ رہا ہوں
تم ایک زمانے سے خدا جانے کہاں ہو
………
ہائے یہ لوگ پری چہرہ لوگ
ہائے یہ لوگ بھی مر جائیں گے
…….
نوائے وقت
…