ساحرؔ شیوی کا یومِ وفات
17؍اکتوبر 2020
29؍دسمبر 1936ء کو شیو، ضلع رتناگری، صوبہ مہاراشٹر (بھارت) میں پیدا ہوئے۔ 17؍اکتوبر 2020ء کو 84 سال کی عمر میں برطانیہ میں انتقال کر گئے۔
منتخب کلام
جو ترے پہلو میں گزری زندگی اچھی لگی
غم ترا اچھا لگا تیری خوشی اچھی لگی
یاس کے موسم میں اس کی دل لگی اچھی لگی
آنکھ نم ہو کر بھی ہونٹوں پر ہنسی اچھی لگی
دکھ بھی اس کی راہ میں ہیں سکھ بھی اس کی راہ میں
موت سے ہر آدمی کو زندگی اچھی لگی
حادثے پر حادثے ہی ہو رہے ہیں کیا خبر
آسماں والے کو میری بے بسی اچھی لگی
ہو گئے گمراہ وہ آ کر تمہارے شہر میں
سب کو اس تہذیب نو کی روشنی اچھی لگی
خواب کی وادی میں تنہا پھر رہا ہوں روز و شب
دوستی اچھی نہ مجھ کو رہبری اچھی لگی
جاگتی آنکھوں سے ساحر دیکھتا ہوں دہر کو
گلستاں میں کھلنے والی ہر کلی اچھی لگی
……
میری منزل بھی آسمان میں ہے
اور دم بھی مری اڑان میں ہے
کوئی لیتا نہیں کرائے پر
جیسے آسیب اس مکان میں ہے
کوئی جلتا نہیں چراغ وہاں
روشنی پھر بھی اس مکان میں ہے
آگ دنیا کو یہ لگا دے گا
جو تعصب ترے بیان میں ہے
کر لیا رام سب کو اک پل میں
سحر ساحرؔ تری زبان میں ہے
……
غم حیات کی پہنائیوں سے خوف زدہ
میں عمر بھر رہا ناکامیوں سے خوف زدہ
جہاں بھی دیکھو تعصب کی چل رہی ہے ہوا
ہمارا شہر ہے بلوائیوں سے خوف زدہ
کبھی کسی کا برا ہی نہیں کیا پھر بھی
زمانہ ہے مری خوش حالیوں سے خوف زدہ
کرم تمہارا کوئی بے غرض نہیں ہوتا
ہے دل تمہاری مہربانیوں سے خوف زدہ
الٰہی تجھ کو خبر ہے کہ یہ ترا ساحرؔ
ہے کتنا اپنی پریشانیوں سے خوف زدہ
