پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زندہ رہنے کا حق ملے گا اسے جس میں مرنے کا حوصلہ ہ…

زندہ رہنے کا حق ملے گا اسے
جس میں مرنے کا حوصلہ ہوگا
……
سرفراز ابد کا یومِ پیدائش
25 Feb 1952
نام سید سرفراز شہنشاہ اور تخلص ابد ہے۔۲۵؍فروری۱۹۵۲ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ فدا خالدی سے تلمذ حاصل ہے۔ ابد کے والد شفق اکبرآبادی اور ان کے پھوپھا صبا لکھنوی بھی شاعر تھے۔ ابد کراچی میں سکونت پذیر ہیں۔
..
آنکھوں میں اگر آپ کی صورت نہیں ہوتی
اس دل میں محبت کسی صورت نہیں ہوتی
جب تک پس پردہ وہ چھپے بیٹھے رہیں گے
کچھ بھی یہاں ہو جائے قیامت نہیں ہوتی
دیکھے جو تجھے لوگ تو سمجھے مرے اشعار
لفظوں سے تو شعروں کی وضاحت نہیں ہوتی
کیا اور کوئی کام کرے چھوڑیئے صاحب
بیکاری سے دنیا میں فراغت نہیں ہوتی
شہروں کے تصور سے بھی گھبرانے لگا دل
صحرا میں چلے جاؤ تو وحشت نہیں ہوتی
اس عمر میں بڑھ جاتے ہیں محنت کے تقاضے
جس عمر میں انسان سے محنت نہیں ہوتی
ہوتی تھی ہر ایک بات پہ حیرت مجھے پہلے
اب مجھ کو کسی بات پہ حیرت نہیں ہوتی
برباد ابدؔ ہم کو مروت نے کیا ہے
سب ہوتا جو آنکھوں میں مروت نہیں ہوتی
………………….