زندگی جن کی رفاقت پہ بہت نازاں تھی
ان سے بچھڑی تو کوئی آنکھ میں آنسو بھی نہیں
زبیرؔ رضوی کا یومِ ولادت
April 15, 1935
*زبیرؔ رضوی* ، *١۵ اپریل ١٩٣٥ء* کو *امروہہ (اتر پردیش)* میں ایک معزز خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے آل انڈیا ریڈیو کے ساتھ ٣٠ سال تک کام کیا ۔ انہوں نے دہلی اردو اکیڈمی کے سیکریٹری کے طور پر بھی دو سال تک خدمات انجام دیں ۔ *۲١ فروری ٢٠١٦ء* کو *زبیرؔ رضوی* انتقال کر گئے۔
ان کے دیگر مجموعہ کلام یہ ہیں :
*لہر لہر ندیا گہری* (مجموعہ کی نظمیں)، *کشتِ دیوار، مسافتِ شب، پرانی بات ہے، دھوپ کا سائباں ، انگلیاں فگار اپنی،* وغیرہ شامل ہیں۔
وہ اعلیٰ اردو میگزین *” ذہنِ جدید "* کے ایڈیٹر تھے۔
….
زبیرؔ رضوی کے منتخب اشعار
ادھر ادھر سے مقابل کو یوں نہ گھائل کر
وہ سنگ پھینک کہ بے ساختہ نشانہ لگے
—
*اپنی پہچان کے سب رنگ مٹا دو نہ کہیں*
*خود کو اتنا غمِ جاناں سے شناسا نہ کرو*
—
بھٹک جاتی ہیں تم سے دور چہروں کے تعاقب میں
جو تم چاہو مری آنکھوں پہ اپنی انگلیاں رکھ دو
—
*پرانے لوگ دریاؤں میں نیکی ڈال آتے تھے*
*ہمارے دور کا انسان نیکی کر کے چیخے گا*
—
*دل کو رنجیدہ کرو آنکھ کو پر نم کر لو*
*مرنے والے کا کوئی دیر تو ماتم کر لو*
—
تم جہاں اپنی مسافت کے نشاں چھوڑ گئے
وہ گزر گاہ مری ذات کا ویرانہ تھا
—
*تم اپنے چاند تارے کہکشاں چاہے جسے دینا*
*مری آنکھوں پہ اپنی دید کی اک شام لکھ دینا*
—
زندگی جن کی رفاقت پہ بہت نازاں تھی
ان سے بچھڑی تو کوئی آنکھ میں آنسو بھی نہیں
—
سخن کے کچھ تو گہر میں بھی نذر کرتا چلوں
عجب نہیں کہ کریں یاد ماہ و سال مجھے
—
*شام کی دہلیز پر ٹھہری ہوئی یادیں زبیرؔ*
*غم کی محرابوں کے دھندلے آئینے چمکا گئیں*
—
عجیب لوگ تھے خاموش رہ کے جیتے تھے
دلوں میں حرمتِ سنگِ صدا کے ہوتے ہوئے
—
غضب کی دھار تھی اک سائباں ثابت نہ رہ پایا
ہمیں یہ زعم تھا بارش میں اپنا سر نہ بھیگے گا
—
*گلابوں کے ہونٹوں پہ لب رکھ رہا ہوں*
*اسے دیر تک سوچنا چاہتا ہوں*
—
نئے گھروں میں نہ روزن تھے اور نہ محرابیں
پرندے لوٹ گئے اپنے آشیاں لے کر
—
کوئی ٹوٹا ہوا رشتہ نہ دامن سے الجھ جائے
تمہارے ساتھ پہلی بار بازاروں میں نکلا ہوں
—
کہاں پہ ٹوٹا تھا ربط کلام یاد نہیں
حیات دور تلک ہم سے ہم کلام آئی
—
*ہم نے پائی ہے ان اشعار پہ بھی داد زبیرؔ*
*جن میں اس شوخ کی تعریف کے پہلو بھی نہیں*
—
تھا حرفِ شوقِ صید ہوا کون لے گیا
میں جس کو سن سکوں وہ صدا کون لے گیا
—
*کبھی خرد سے کبھی دل سے دوستی کر لی*
*نہ پوچھ کیسے بسر ہم نے زندگی کر لی*
—
*تشبیہوں کے رنگِ محل میں کوئی نہ تجھ کو جان سکا*
*گیت سنا کر غزلیں کہہ کر دیوانے کہلائے ہم*
—
*یہ زمیں ٹوٹے ہوئے چاند کی کھیتی ہے زبیرؔ*
*میری راتوں میں بپا کوئی بھی عالم کر لو*
…..
*انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ*

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔