پیر • 5 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

ریاست علی تاجؔ کا یومِ ولادت 07؍فروری 1930 نام اب…


ریاست علی تاجؔ کا یومِ ولادت
07؍فروری 1930
نام ابو محمّد ریاست علی صدّیقی ، تخلص *تاجؔ تھا ۔ وہ 7؍فروری 1930ء کو کریم نگر (حیدر آباد) بھارت میں پیدا ہوئے ۔ ریاست علی تاجؔ، ٣؍اپریل ١٩٩٩ء انتقال کر گئے۔
…
ریاست علی تاجؔ کے یوم ولادت پر منتخب کلام بطور
زادِ رہ بھی نہیں، بے رختِ سفر جاتے ہیں
سخت حیرت ہے کہ یہ لوگ کدھر جاتے ہیں
بے خودی میں ترے دیوانے جدھر جاتے ہیں
منزلیں پوچھتی پھرتی ہیں کدھر جاتے ہیں
ہائے کس موڑ پہ حالات نے پہنچایا ہے
آپ ہمسائے سے، ہم سایہ سے ڈر جاتے ہیں
آپ جا سکتے نہیں چاند ستاروں سے پرے
ہم ورائے حد ادراک نظر جاتے ہیں
آپ کے طنز سر آنکھوں پہ مگر یاد رہے
یہ وہ نشتر ہیں کے سینے میں اتر جاتے ہیں
آپ دیکھیں یہ مری نیند سے بوجھل آنکھیں
ہو چکی رات اجازت ہو تو گھر جاتے ہیں
زلف کھولو تو گھنی چھاؤں میں کچھ سستا لیں
دو گھڑی کے لیے سائے میں ٹھہر جاتے ہیں
زخم الفاظ کے ناسور ہوا کرتے ہیں
بات زخموں کہ نہیں زخم تو بھر جاتے ہیں
لاکھ سنجیدہ سہی تاجؔ حسینوں کی روش
دل اڑا لینے کے انداز کدھر جاتے ہیں
…….
یہ سرمئی آفاق یہ شمعوں کے دھندلکے
آ جاؤ بھی یادوں کے جھروکوں سے نکل کے
دیوانے چلے آتے ہیں صحرا سے نکل کے
رکھ دیں نہ کہیں نظم گلستاں ہی بدل کے
پھولوں کی طرح ان کی حفاظت ہے ضروری
یہ آج کے بچے ہی بڑے ہوتے ہیں کل کے
ہے جب تو تحمل کہ کوئی آہ نہ نکلے
اک اشک کا قطرہ مری پلکوں سے نہ ڈھلکے
دو روٹیاں عزت سے جو مل جائیں تو بس ہے
دروازے پہ لے جائے نہ وقت اہل دول کے
جائیں تو کہاں جائیں ترے چاہنے والے
حالات کے تپتے ہوئے صحرا سے نکل کے
ہم دست درازی کے تو قائل نہیں ساقی
حصے میں ہمارے بھی اگر مے ہو تو چھلکے
فن کار کی منہ بولتی تصویر ہے فن بھی
تم کیا ہو بتا دیتے ہیں اشعار غزل کے
کافی ہے ہمارے لیے مٹی کے گھروندے
ہم خاک بسر اہل نہیں تاجؔ محل کے
………